1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمبابوے: چھ سال بعد پہلی کرکٹ ٹیم پاکستانی دورے کے لیے تیار

امجد علی9 اپریل 2015

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے بتایا ہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم آئندہ مہینے پانچ وَن ڈے میچوں کی ایک سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس طرح چھ سال کے وقفے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی ٹیم پاکستان میں کھیلے گی۔

https://p.dw.com/p/1F5ZM
Cricket World Cup 2015 Zimbabwe gegen Vereinigte Arabischen Emirate
زمبابوے کے سولومن مائر ورلڈ کپ 2015ء کے ایک میچ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے گیند کرا رہے ہیںتصویر: imago/Action Plus

پی سی بی کے سربراہ شہر یار خان نے بتایا:’’زمبابوے نے حتمی طور پر بتا دیا ہے کہ ہاں، وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں اور اگرچہ ابھی کچھ تفصیلات طے ہونا باقی ہیں لیکن وہ پانچ وَن ڈے میچ کھیلیں گے، تین لاہور میں اور دو کراچی میں، آئندہ مہینے۔‘‘

Pakistan - Vorstand des Cricketausschuss Sharyar Khan
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان کے مطابق ابھی بھارت جیسی چوٹی کی ٹیموں کے پاکستان کا دورہ کرنے کے امکانات نہیں ہیںتصویر: DW/T. Saeed

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لاہور سے اپنے ایک جائزے میں لکھا ہے کہ اس طرح زمبابوے کی صورت میں چھ سال کے طویل وقفے کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والی دَس بین الاقوامی ٹیموں میں سے کوئی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

دہشت گردوں نے مارچ سن 2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی بس کو اپنے ایک حملے کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد سے غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کرتی رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان اب تک اپنے تمام ہوم میچز کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرتا چلا آ رہا ہے۔

گزشتہ سال سے پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں طالبان کی شورش کے خلاف پاکستانی فوج کا آپریشن شروع ہونے کے بعد سے ملک میں سلامتی کی صورتِ حال میں بتدریج بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

سلامتی کی صورتِ حال میں نظر آنے والی اسی بہتری کو دیکھتے ہوئے بین الاقوامی ٹیموں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو گیا ہے اور اسی لیے افریقی ملک کینیا کی کرکٹ ٹیم بھی اس سال دسمبر میں پانچ میچوں کی ایک سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے۔

شہر یار خان نے یہ بھی بتایا کہ آسٹریلوی فوج کی ایک ٹیم راولپنڈی کا دورہ کرے گی اور پاکستان آرمی کے ساتھ ایک میچ کھیلے گی۔

آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیم گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی تھی تاہم کراچی ایئر پورٹ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد اس ٹیم نے اپنا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ ممکن ہے کہ اب آئر لینڈ کی ٹیم بھی پاکستان کے دورے کے لیے تیار ہو جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ ابھی بھی کچھ ممالک ایسے ہیں، جو سلامتی کی وجوہات ہی کی بناء پر اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے ہچکچا رہے ہیں:’’بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے ہمارے لیے کھلنے لگے ہیں لیکن بھارت جیسی چوٹی کی ٹیموں کے سکیورٹی کے تقاضے کافی زیادہ ہیں اور سرِدست وہ پاکستان نہیں آئیں گی۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں