1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمبابوے کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی جیت

عابد حسین30 اگست 2013

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو دوسرے ایک روز میچ میں 90 رنز سے شکست دے کر سیریز کو برابر کر دیا ہے۔ پہلا ایک روزہ میچ زمبابوے کی ٹیم نے جیت لیا تھا۔

https://p.dw.com/p/19YnI
تصویر: Reuters

زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا یہ فیصلہ قدرے بہتر خیال کیا گیا کیونکہ احمد شہزاد کو 12 کے اسکور پر آؤٹ کر دیا گیا۔ اس کے بعد ناصر جمشید اور محمد حفیظ کے درمیان 50 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ناصر جمشید 32 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کپتان مصباح الحق اور حفیظ نے ابھی 22 رنز کا اضافہ کیا تھا کہ مصباح بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان کے آؤٹ ہونے پر ایسا دکھائی دیا کہ بیٹنگ لڑکھڑا گئی ہے۔

عمر امین اور محمد حفیظ کے درمیان سست روی سے اسکور نے بڑھنا شروع کیا اور بعد میں ان دونوں بیٹسمینوں نے اننگز کو سنبھالا دیا لیکن رنز بنانے کی مجموعی رفتار سست رہی۔ 43 ویں اوور میں عمر امین 59 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ حفیظ اور عمر امین کے درمیان 129 رنز کی شراکت رہی۔ اگلے سات اوور پاکستانی ٹیم کے لیے نہایت مثبت ثابت ہوئے۔ شاہد آفریدی نے حفیظ کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 299 تک پہنچا دیا۔ آفریدی نے دھواں دار 39 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسری جانب محمد حفیظ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 136 کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی ٹیم نے زمبابوے کو مقررہ 50 اوورز میں 300 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

Mohammad Hafeez
محمد حفیظ نے 136 کی شاندار اننگز کھیلیتصویر: DW

زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز بہتر نہیں تھا۔ افتتاحی بیٹسمین سیباندا صرف 2 اسکور کر کے طویل القامت تیز بالر محمد عرفان کا شکار ہوئے۔ میزبان ملک کی ٹیم کے کپتان برینڈن ٹیلر نے دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ ایک وقت تھا کہ زمبابوے کی ٹیم کا اسکور 200 رنز تھا اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ تھے۔ کریز پر برینڈن ٹیلر اور میلکم والر جمے ہوئے تھے اور ایک زور دار میچ کا اندازہ لگایا جا رہا تھا۔

زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر 200 کے مجموعی اسکور پر کیا آؤٹ ہوئے کہ ٹیم کا ’ردھم‘ ختم ہو کر رہ گیا۔ سعید اجمل کے اوور کی آخری گیند پر ٹیلر آؤٹ ہوئے اور اگلے اوور کی پہلی گیند پر جنید خان نے میلکم والر کو بولڈ کر دیا۔ ان دو گیندوں سے زمبابوے کی ٹیم کے ہاتھ سے میچ نکل گیا۔ میزبان ٹیم 43 ویں اوور میں 209 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ تیز بالر جنید خان نے 15 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ سعید اجمل اور عبدالرحمٰن نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

محمد حفیظ کو شاندار سینچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آخری میچ کل ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ تین ستمبر سے شروع ہو گا۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت چکی ہے۔