سری لنکا ٹیسٹ سریز میں کامیابی کے لیے بھی پرُامید
20 جون 2012گزشتہ دنوں ٹيسٹ کرکٹ ميں سری لنکا کی کرکٹ ٹيم کا ريکارڈ کچھ زيادہ متاثر کن نہيں رہا۔ اپنے پچھلے 14 ٹيسٹ ميچوں ميں سری لنکن ٹيم صرف دو مرتبہ کاميابی کا منہ ديکھ سکی جبکہ چھ مرتبہ اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ البتہ اپنے ملک ميں کھيلے جانے والے ميچوں ميں سری لنکا کی کارکردگی ہميشہ ہی سے اچھی رہی ہے۔ رواں سال مارچ۔اپريل ميں ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا نے ٹيسٹ کرکٹ کی عالمی رينکنگ ميں پہلی پوزيشن کی حامل انگلينڈ کی ٹيم کے ساتھ ٹيسٹ سيريز برابر کی تھی۔
جمعے سے پاکستان کے خلاف شروع ہونے والی تين ٹيسٹ ميچوں کی سيريز کے بارے ميں بات کرتے ہوئے سری لنکن ٹيم کے کپتان مہیلا جئے وردھنے کا کہنا تھا کہ وہ اميد کرتے ہيں کہ ان کی ٹيم ون ڈے ميچوں ميں کاميابی کے سلسلے کو ٹيسٹ ميچوں ميں بھی جاری رکھ پائے گی۔ انہوں نے مزيد کہا: ’’ٹيسٹ ميچز کے ليے چند تجربہ کار کھلاڑی ٹيم ميں شامل کيے جائيں گے۔‘‘
دوسری جانب پاکستان کی کرکٹ ٹيم ون ڈے سيريز ميں شکست کے باوجود ٹيسٹ کرکٹ ميں اپنی فارم برقرار رکھنے کے لیے کوشاں دکھائی دیتی ہے۔ پاکستان نے ٹيسٹ کرکٹ ميں اپنے گزشتہ نو ميچوں ميں سے سات ميں کاميابی حاصل کی ہے جس ميں رواں سال انگلينڈ کے خلاف تين صفر سے فتح بھی شامل ہے۔ سری لنکا کے خلاف ٹيسٹ سيريز کے ليے پاکستان کا سب سے کارآمد ہتھيار آف اسپنر سعيد اجمل ثابت ہو سکتے ہيں۔ اجمل گزشتہ سال آٹھ ٹيسٹ ميچوں ميں پچاس وکٹيں حاصل کر کے ٹيسٹ کرکٹ کے کامياب ترين بولر کے طور پر ابھرے تھے۔
جمعے سے شروع ہونے والے پہلے ٹيسٹ کے ليے پاکستانی ٹيم کو کپتان مصباح الحق کی خدمات حاصل نہ ہوں گی۔ پير کے روز سری لنکا کے خلاف کھيلے جانے والے آخری ايک روزہ ميچ ميں ٹيم کی جانب سے ’سلو اوور ريٹ‘ کے باعث انٹرنيشنل کرکٹ کونسل نے ٹيم کے کپتان مصباح الحق پر ايک ٹيسٹ ميچ کے ليے پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ان کی غير موجودگی ميں پاکستانی ٹيم کی قيادت کے فرائض محمد حفيظ انجام ديں گے۔
سری لنکا اور پاکستان کے مابين ٹيسٹ سيريز کا پہلا ميچ بائيس جون سے، دوسرا ميچ تيس جون جبکہ تيسر ميچ آٹھ جولائی سے کھيلا جائے گا۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے پير کے روز اختتام کو پہنچنے والی ون ڈے انٹرنيشنل سيريز ميں سری لنکا نے پاکستان کو تين ميچوں ميں ہرايا جبکہ ايک ميچ ميں پاکستانی ٹيم کامیاب رہی۔ ايک ميچ بارش کے باعث کھيلا نہ جا سکا۔
as / ng / afp