1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلمان بٹ، محمد آصف دو ستمبر سے دوبارہ کرکٹ کھیل سکیں گے

مقبول ملک19 اگست 2015

بین الاقوامی کرکٹ کے نگران ادارے آئی سی سی کے ایک اعلان کے مطابق پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف پر اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں لگائی گئی پابندی یکم ستمبر کی نصف شب کو ختم ہو جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1GI15
فاسٹ بولر محمد آصف، فائل فوٹوتصویر: Reuters

دبئی سے بدھ انیس اگست کی شام کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آج ہی جو اعلان کیا، اس کی تحت اکتیس اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی رات بارہ بجے ان دونوں پاکستانی کھلاڑیوں پر عائد پابندی کی مدت پوری ہو جائے گی۔

سلمان بٹ اور محمد آصف پر نوجوان پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ کے ایک اسکینڈل میں ان کے کردار کی تصدیق کے بعد 2011ء میں پابندی لگا دی گئی تھی۔ ٹھیک پانچ سال قبل برطانوی جریدے نیوز آف دا ورلڈ میں اگست 2010ء میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے ساتھ منظر عام پر آنے والے اس اسکینڈل نے دنیائے کرکٹ میں بڑی ہلچل مچا دی تھی اور ان تینوں پاکستانی کھلاڑیوں کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی اسی اسکینڈل میں ان کے کردار کے باعث لگائی گئی تھی۔

ان تینوں کھلاڑیوں نے اپنے ایک ایجنٹ مظہر مجید کے ساتھ مل کر اس بات کا اہتمام کیا تھا کہ 2010ء میں پاکستانی ٹیم کے انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میں کس کس وقت جان بوجھ کر نو بالز کرائی جانا تھیں۔ ان کھلاڑیوں نے یہ فیصلہ مالی ادائیگی کے لالچ میں کیا تھا اور اس پورے واقعے میں نیوز آف دا ورلڈ کے ایک رپورٹر کا کردار بھی فیصلہ کن تھا، جس نے خود کو اسپاٹ فکسنگ میں دلچسپی رکھنے والا ایک سٹے باز ظاہر کیا تھا۔

آئی سی سی کے آج کیے جانے والے اعلان کے مطابق سلمان بٹ اور محمد آصف نے کرکٹ کے حوالے سے اپنی بحالی کا عرصہ مکمل کر لیا ہے اور یہ دونوں کھلاڑی بھی دو ستمبر سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔

Kombo Pakistan Cricket Korruption Salman Butt Mohammad Asif und Mohammad Amir
سپاٹ فکسنگ کے جرم میں سزا یافتہ تینوں پاکستانی کھلاڑی، دائیں سے: محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹتصویر: AP

آئی سی سی کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق، ’’آئی سی سی کے غیر جانبدار اینٹی کرپشن ٹریبیونل کی طے کردہ مخصوص شرائط پوری کرنے کے بعد محمد آصف اور سلمان بٹ اب دو ستمبر سے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔‘‘

تیسرے کھلاڑی محمد عامر کے خلاف پابندی میں اس سال جنوری میں نرمی کر دی گئی تھی۔ تب ایسا آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کی وجہ سے ممکن ہوا تھا۔ جنوری میں آئی سی سی نے محمد عامر کو ان پر عائد پابندی کی مدت پوری ہونے سے چھ ماہ پہلے ہی انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔

ان تینوں کھلاڑیوں پر پانچ پانچ سال کے لیے پابندی لگائی گئی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید