سمندر کے نیچے روس سے ترکی تک گیس پائپ لائن کی تعمیر شروع
8 مئی 2017روسی دارالحکومت ماسکو سے پیر آٹھ مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق گیس پروم کے جاری کردہ ایک بیان میں اتوار سات مئی کی رات بتایا گیا کہ ٹَرک سٹریم (TurkStream) نامی اس گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت روسی گیس بحیرہ اسود کے پانیوں کے نیچے سے ترکی تک پہنچائی جائے گی اور روسی ساحل کے قریب اس پائپ لائن کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔
گیس پروم کے سربراہ الیکسی مِلر کے مطابق یہ تاریخی منصوبہ 2019ء کے آخر تک مکمل ہو جائے گا اور تب روس کی یہ برآمدی گیس ترکی اور ممکنہ طور پر یورپی یونین کے رکن ملکوں کو دستیاب ہو سکے گی۔
پوٹن ایردوآن ملاقات، ساری کدُورتیں جاتی رہیں
امریکا اور روس کے بیچ ترکی ’سینڈوِچ‘ بنتا ہوا
ترکی میں تعینات روسی سفیر قاتلانہ حملے میں ہلاک
اے ایف پی کے مطابق روسی حکومت نے پہلی بار یہ منصوبہ 2014ء میں پیش کیا تھا لیکن تب یوکرائن کے بحران کے عروج پر یورپی یونین نے اس پروجیکٹ کا راستہ روک دیا تھا۔ تب ماسکو نے کہا تھا کہ یہ پائپ لائن بحیرہ اسود کے نیچے سے گزار کر یورپی یونین کے رکن ملک بلغاریہ تک بچھائی جائے گی۔
پھر روس نے یہی گیس پائپ لائن بحیرہ اسود کے نیچے سے ترکی تک بچھانے کا ارادہ کیا تھا لیکن ترک فضائیہ کی طرف سے ایک روسی طیارے کے ترکی اور شام کے درمیان سرحدی علاقے میں مار گرائے جانے کے بعد ماسکو اور انقرہ کے تعلقات میں شدید کشیدگی کے باعث اس پر عمل درآمد ملتوی کر دیا گیا تھا۔
اب جب کہ روس اور ترکی کے معمول کے تعلقات بحال ہو چکے ہیں، روس اس پائپ لائن کے ذریعے سالانہ قریب 16 بلین کیوبک میٹر گیس اپنے ساحلی علاقے سے ترکی تک پہنچانا چاہتا ہے۔ یہ بات تاہم واضح نہیں کہ آیا یورپی یونین یوکرائن ہی کے بحران کی وجہ سے روسی گیس پائپ لائن کے اس نئے روٹ کی حمایت کر دے گی۔