1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی بھارت ميں سيلاب، درجنوں ہلاک

20 جون 2013

شمالی بھارت میں مون سون بارشوں، سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں کم از کم ايک سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم من موہن سنگھ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/18tGi
تصویر: STRDEL/AFP/Getty Images

بھارتی وزير اعظم من موہن سنگھ نے گزشتہ روز متاثرہ علاقوں کا دورہ کيا، جس کے بعد انہوں نے کہا کہ ہلاک شدگان کی تعداد ميں اضافے کا امکان موجود ہے۔

لاکھوں افراد ابھی تک لاپتہ ہيں
لاکھوں افراد ابھی تک لاپتہ ہيںتصویر: DIPTENDU DUTTA/AFP/Getty Images

اس سيلابی سلسلے کے نتيجے ميں رياست اترکھنڈ کے چار مختلف مندروں ميں لاکھوں افراد پھنس کر رہ گئے ہيں۔ سيلاب سے سب سے زيادہ متاثر ہونے والی رياست بھی اترکھنڈ ہی ہے۔ اس رياست کے چيف منسٹر وجے بہوگونا نے ايک مقامی ٹيلی وژن چينل کو بتايا کہ سيلاب کی تباہ کاريوں کے سبب کئی سو افراد لقمہ اجل بن چکے ہيں ليکن ان کی درست تعداد کا پتہ بعد ميں ہی چلے گا۔ ہوم منسٹر سشيل کمار شندے کے بقول اترکھنڈ ميں سيلابی ريلے کی وجہ سے قريب دو درجن پل اور 365 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہيں جبکہ مزيد 275 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہيں۔ ان کے مطابق قريب تريسٹھ ہزار لوگوں سے رابطہ منقطع ہو کر رہ گيا ہے۔

اسی طرح پڑوسی رياست اترپردیش ميں بھی بارشوں اور سیلاب کے سبب مزید سترہ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہيں۔ ايک مقامی پوليس اہلکار آر ايل وشواکرما نے ان ہلاکتوں کی تصديق کر دی ہے۔

دريں اثناء دارالحکومت نئی دہلی کے چند علاقوں سے بھی قريب دو ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کيا جا چکا ہے۔ متعلقہ مقامی اتھارٹيوں کے مطابق آج جمعرات کے روز سے دريا يمنا ميں پانی کی سطح ميں کمی کا امکان ہے۔

بھارتی فضائيہ کی ترجمان پريا جوشی نے بتايا کہ بائيس ہيلی کاپٹر امدادی کاموں ميں مصروف ہيں۔ اس کے علاوہ قريب پانچ ہزار فوجی اہلکار بھی متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے عمل ميں مصروف ہيں۔

واضح رہے کہ مون سون بارشيں بھارتی معيشت کے ليے کافی اہميت کی حامل ہوتی ہيں کيونکہ انہی کے ذريعے فصلوں کو پانی دستياب ہوتا ہے۔ اسی دوران ان بارشوں ميں شدت يا زيادتی کی صورت ميں سيلاب جيسی قدرتی آفات سے بھی نمٹنا پڑتا ہے۔

as/at (AP)