1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شوائن شٹائیگر زخمی ہو گئے

5 اکتوبر 2010

جرمن سٹار فٹ بالر باستیان شوائن شٹائیگر ایک انجری کے نتیجے میں فٹ بال کپ یورو 2012ء کے سلسلے میں جاری کوالیفائنگ مقابلوں میں ترکی اور قزاقستان کے خلاف میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/PVMx
باستیان شوائن شٹائیگرتصویر: AP

جرمن فٹ بال فیڈریشن نے تصدیق کر دی ہے کہ بائرن میونخ کے مڈ فیلڈراورجرمن قومی ٹیم کے روح رواں شوائن شٹائیگر ایڑھی پر چوٹ لگنے کی وجہ سے یورو کپ 2012ء کے دو اہم کوالیفائنگ مقابلوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

تراسی بین الاقوامی میچز میں جرمن ٹیم کی نمائندگی کرنے والے 26 سالہ شوائن شٹائیگر جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے سلسلے میں اتوار کوبوروسیا ڈورٹمنڈ کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں ایڑھی پر چوٹ لگوا بیٹھے۔ اگرچہ میونخ کا کلب یہ میچ دو صفر سے ہارگیا تھا تاہم شوائن شٹائیگر چوٹ کے باوجود کھیل کے دوران میدان میں ہی رہے۔

جرمن فٹ بال فیڈریشن DFB کی ویب سائٹ کے مطابق شوائن شٹائیگر نے جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ آئندہ دو میچز کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے، ’انہوں نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران قومی کوچ کو مطلع کر دیا ہے۔‘

Stunde der Wahrheit für Deutschland in Südafrika Trainer Jogi Löw NO FLASH
جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لووتصویر: AP

ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہے کہ وہ بنڈس لیگا کے کے سلسلے میں ہینوور کے خلاف کھیل سکیں گے یا نہیں، یہ میچ سولہ اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

یورو کپ 2012ء کے کوالیفائنگ مقابلوں میں جرمنی کی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے اور اس نے اپنے دو ابتدائی میچ جیت رکھے ہیں۔ جرمن ٹیم اب آٹھ اکتوبر کو گروپ اے میں شامل ایک اور مضبوط ٹیم ترکی کے ساتھ برلن میں میچ کھیلے گی جبکہ بعد ازاں چار دن بعد قزاقستان میں اپنا چوتھا میچ کھیلے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں