1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صبر آزما انتظار ختم، پاکستان سپر لیگ کے ستارے گردش سے باہر

طارق سعید، دبئی3 فروری 2016

آٹھ سال کے طویل اور صبر آزما انتظار کے بعد آخر کار پاکستان سپر لیگ کا میدان خلیج کے سب سے مشہورشہر میں سج گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HpHY
Pakistan Super League Spieler Entwurf
تصویر: DW

پی ایس ایل کا اولین میچ جمعرات کی شام دبئی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گا۔ بیس روز اور چوبیس معرکوں کے بعد ملین ڈالر لیگ کے چمپیئن کا فیصلہ بھی امارات کے دارالحکومت کی انہی مصنوعی روشنیوں میں ہوگا۔

دوہزار آٹھ میں مستعفی ہونے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس وقت کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے آئی پی ایل کے طرز پر پی ایس ایل کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن بات زبانی جمع خرچ سے آگے نہ بڑھ سکی۔ اعجاز بٹ کے دور میں کھٹائی میں پڑنے والے اس منصوبے کو ان کے جانشین ذکاء اشرف نے ہارون لورگاٹ کے ذریعے عملی جامہ پہننانے کی کوشش کی لیکن پھربھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے دکھائی جانے والی گاجر اور چھڑی نے ہارون اور پی سی بی کے راستے الگ الگ کر دیے۔

تاہم نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کا خود چیئرمین بن کر لیگ کو حقیقت کا روپ دیا۔ عالمی کپ انیس سو چھیانوے کے بعد پی سی بی کرکٹ کے کسی سب سے بڑے مقابلہ کا انعقاد کر رہا ہے۔ بدھ کی شام دبئی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیٹھی نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے اہم دن ہے، ’’جب ہم نے پہلا قدم اٹھایا تو لوگ کہتے تھے کہ پی ایس ایل کرانا ممکن نہیں لیکن ہم نے اسے ممکن کر دکھایا۔‘‘

پہلی پی ایس ایل کی ٹرافی کی تقریب رونمائی بدھ کو منعقد ہوئی جس میں ٹورنامنٹ میں شریک پانچ میں سے چار ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔ پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ پاکستان کرکٹ کےلیے زبردست موقع ہے۔ آفریدی کے بقول پاکستانی کھلاڑیوں کو اس لیگ سے صرف معاشی فائدہ ہی نہیں ہوگا بلکہ ملک کو اچھا ٹیلنٹ بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نئے وسیم، وقار اور میانداد پیدا کرے گی۔

پہلے میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد کی ٹیموں نے آج آئی سی سی اکیڈمی میں بھرپور پریکٹس کی۔ کوئٹہ کی ٹیم میں انگلینڈ کے مشہور کھلاڑی کیون پیٹرسن اور لیوک رائٹ کے علاوہ سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور عمر گل جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔ اس کے باوجود کوئٹہ فیورٹ ٹیموں میں شامل نہیں۔

ایک سوال پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’ ہم اپنے بارے میں تمام اندازے غلط ثابت کر دیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم سے کوئٹہ جیسے شہر میں جو کرکٹ میں دوسروں سے پیچھے ہے، کھیل کو فروغ ملے گا۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور شہرہ آفاق بیٹسمین ویوین رچرڈز کوئٹہ کے کوچ ہیں۔ رچرڈز نے کہا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو صرف خود شناسی اور خود اعتمادی کا سبق دیںے کی کوشش کریں گے۔

Pakistan Super League Eröffnung Vivian Richards
کوئٹہ ٹیم کے کوچ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور شہرہ آفاق بیٹسمین ویوین رچرڈز ہیںتصویر: DW/T. Saeed

دوسری طرف اسلام آباد کی ٹیم یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے ہاٹ فیورٹ ہے اور اس ٹیم میں پنڈلی کی تکلیف سے چھٹکارہ پانے والے کپتان مصباح الحق کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل، سیموئیل بدری اور آسٹریلیا کے شین واٹسن جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ شین واٹسن اسلام آباد کے سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں، جنہیں دو لاکھ ڈالرز میں خرید کر ٹیم کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے۔ وسیم اکرم اسلام آباد کے ٹیم ڈائریکٹر اور ڈین جونز کوچ ہیں۔

جمعرات کی شام دبئی میں پہلے میچ سے پہلے پی ایس ایل کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی جس میں جمیکا کے مشہور گلوکار شان پال اور بالی ووڈ فیم علی ظفر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ تقریب خیلجی وقت کے مطابق شام چھ بجے اور میچ شب آٹھ بجے شروع ہوگا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں