عراق: اسلامک اسٹيٹ کے دہشت گرد چند مقامات پر پسپا
26 اکتوبر 2014نيوز ايجنسی روئٹرز کی بغداد اور اربيل سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق عراقی فوج کے اہلکاروں اور شيعہ مليشيا کے ارکان نے اسٹريٹيجک اہميت کے حامل شہر جرف السخھار سے اسلامک اسٹيٹ کے عسکریت پسندوں کو پسپائی پر مجبور کر ديا ہے۔ فوج کے ايک ترجمان نے بتايا، ’’رضاکاروں کی مدد سے ہماری فوج اب جرف السخھار پر مکمل کنٹرول کی حامل ہے اور عسکریت پسند شہر کے جنوب مشرقی حصوں کی طرف فرار ہو گئے ہيں۔‘‘
يہ امر اہم ہے کہ سنی شدت پسند ملکی دارالحکومت بغداد کے اطراف کے کئی علاقوں پر قابض ہيں اور اِن علاقوں ميں فوج اور شيعہ مليشياؤں کی ممکنہ کاميابی کی صورت ميں نہ صرف عسکریت پسندوں کی بغداد کی جانب پيش قدمی کو روکا جا سکے گا بلکہ ان کی صوبہ انبار ميں اسلامک اسٹیٹ کے گڑھ مانے جانے والے علاقوں تک رسائی بھی متاثر ہو گی اور ملک کے جنوب ميں اکثرتی طور پر شيعہ علاقوں کی طرف اُن کی چڑھائی کو بھی روکا جا سکے گا۔
سکيورٹی ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے الفريصيہ اور حے العسکری کے دو قريبی ديہاتوں ميں پناہ لی ہوئی ہے اور اب بھی وہ مارٹر گولوں و بندوقوں کی مدد سے حملے جاری رکھے ہوئے ہيں۔ اطلاعات ہيں کہ سرکاری افواج اُن کے خلاف رات گئے کسی بڑے آپريشن کی تيارياں کر رہی ہيں۔
عسکریت پسندوں اور سکيورٹی افواج کے مابين تازہ تصادم کے نتيجے ميں عراقی فوج اور شيعہ مليشيا کے 67 اہلکار جب کہ اسلامک اسٹيٹ کے قريب 300 ارکان ہلاک ہوئے۔
بعد ازاں ملکی وزير اعظم حيدر العبادی نے سرکاری ٹيلی وژن کے نمائندوں سے بات چيت کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی کے سبب بے گھر ہو جانے والے عراقی شہری عنقريب اپنے اپنے گھر واپس جا سکيں گے۔
جہاں سرکاری دستوں اور شيعہ مليشياؤں نے اسلامک اسٹيٹ کے شدت پسندوں کی بغداد کی طرف پيش قدمی روکنے کے ليے موثر کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے، وہيں ملک کے شمالی حصوں ميں کرد فورسز نے بھی کئی مقامات پر جہاديوں کو پسپائی پر مجبور کر ديا ہے۔ اسلامک اسٹيٹ کے خلاف امريکا کی قيادت ميں عالمی اتحادکی طرف سے بھاری بمباری کے بعد کردوں نے زومار سميت چند ديگر ديہاتوں سے جہاديوں کو دھکيلتے ہوئے ان مقامات کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر ليا ہے۔
اسلامک اسٹيٹ کے خلاف امريکا کی قيادت ميں جاری فضائی کارروائیوں ميں جمعے اور ہفتے کے روز مجموعی طور پر بائيس حملے کيے گئے۔ اتحادی لڑاکا طياروں نے شامی کرد شہر کوبانی کے قريب جنگجوؤں کے زير قبضہ اسلحے کے ايک ڈپو کو بھی تباہ کر ديا۔