غیرقانونی نقل مکانی، جرمنی نے موٹروے پر چیکنگ سخت کر دی
15 دسمبر 2016غیرقانونی تارکین وطن کی جرمنی آمد روکنے کے لیے جرمن پولیس جنوبی صوبے باویریا کو آسٹریا سے ملانے والے اہم سڑکوں پر چیکنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس آپریشن کے دوران باویریا کی پولیس کے قریب ایک سو اہلکار وفاقی جرمن پولیس کے تعاون سے تین اہم ترین ہائی ویز پر چیکنگ کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں سرحدی کنٹرول کی ذمہ داریاں انجام دینے والے اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق جرمن پولیس A8، A93 اور A3 موٹرویز پر چیکنگ کر رہی ہے۔ اس طرح جرمنی میں داخل ہونے والے افراد سے سفری دستاویزات طلب کی جا رہی ہیں۔
جنوبی جرمن صوبے باویریا کے وزیرداخلہ ژوآخم ہیرمان اور ان کے آسٹریائی ہم منصب وولف گانگ سوبوتکا آج جمعرات 15 دسمبر کی شام A8 شاہ راہ پر بنائی گئی ایک چیک پوسٹ کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔ یہ دونوں رہنما اپنے اس دورے میں خدمات میں مصروف پولیس اہلکاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
گزشتہ برس مہاجرین کی ایک بہت بڑی تعداد بلقان ریاستوں سے ہوتی ہوئی، آسٹریا ہی کے راستے جرمنی میں داخل ہوئی تھی۔ گزشتہ برس کے اختتام پر جرمنی نے آسٹریا کی سرحد پر دستاویزات کی جانچ کا نظام دوبارہ متعارف کروایا تھا۔ مہاجرین کے بحران سے قبل شینگن ممالک کے درمیان شہریوں کو نقل و حرکت کے لیے کسی قسم کی شناختی دستاویزات کی ضرورت پیش نہیں آتی تھی۔
چیک جمہوریہ اور آسٹریا کے ساتھ ملحق باویریا صوبے ہی کو مہاجرین کے بہاؤ کا سب سے زیادہ بوجھ برداشت کرنا پڑا تھا۔ رواں برس مارچ میں ترکی اور یورپی یونین کے درمیان ڈیل کے بعد اس راستے سے مہاجرین کی جرمنی آمد میں خاصی کمی ہوئی ہے، تاہم اب بھی مہاجرین اس راستے سے جرمنی میں داخل ہو رہے ہیں۔