غیر قانونی بولنگ ایکشن: آئی سی سی نے حفیظ پر بھی پابندی لگا دی
7 دسمبر 2014کرکٹ کے کھیل کی نگران بین الاقوامی تنظیم آئی سی سی کے آج اتوار سات دسمبر کو سنائے گئے ایک فیصلے کے مطابق پاکستانی اسپن بولر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن غیر قانونی ہے اور اسی لیے ان کے بولنگ کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
دبئی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ICC نے اپنے ایک بیان میں کہا، ’’ایک غیر جانبدار تجزیے کے بعد یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ پاکستانی بولر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن غیر قانونی ہے اور اسی وجہ سے اس آف اسپنر کی بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ پر فوری طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔‘‘
بیان کے مطابق محمد حفیظ کی بولر کے طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے معطلی کا سبب یہ ہے کہ اس 34 سالہ پاکستانی کرکٹر کی طرف سے کرائی گئی جن ڈیلیوریز کا تکنیکی جائزہ لیا گیا، وہ سب کی سب کرکٹ کے مروجہ قوانین کے تحت زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری تک کی برداشت کی حد سے زیادہ یعنی غیر قانونی تھیں۔
اس سے قبل حفیظ ہی کے ہم وطن اسپن بولر سعید اجمل پر بھی آئی سی سی نے ستمبر میں ان کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے کر پابندی لگا دی تھی۔ اجمل اس وقت اپنے بولنگ ایکشن کی اصلاح کے لیے مختلف طرح کے تکنیکی تربیتی مراحل سے گزر رہے ہیں۔
سعید اجمل کو امید ہے کہ وہ اگلے سال فروری اور مارچ میں آسٹریلیا میں ہونے والے ون ڈے کرکٹ کے عالمی کپ مقابلوں سے پہلے اپنا بولنگ ایکشن بہتر بنا لیں گے۔ لیکن آئی سی سی کی طرف سے محمد حفیظ پر آج لگائی گئی پابندی پاکستانی کرکٹ اور پاکستان میں اس کھیل کے شائقین کے لیے بہت بڑا دھچکا ثابت ہوئی ہے۔
محمد حفیظ ایک کامیاب آل راؤنڈر ہیں اور وہ پاکستان کی طرف سے اب تک 40 ٹیسٹ میچ اور 149 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی حال ہی میں اگلے سال کے ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کے طور پر جن 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا، ان میں سعید اجمل اور محمد حفیظ دونوں ہی کے نام شامل تھے۔
محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا مبینہ طور پر غیر قانونی ہونا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گزشتہ ٹیسٹ سیریز کے ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے میچ کے بعد آئی سی سی کو نومبر میں رپورٹ کیا گیا تھا۔ آئی سی سی کے فیصلے کے مطابق محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن میں تبدیلی لانے کے بعد اپنے خلاف پابندی کے خاتمے کے لیے اپنے ایکشن کا نئے سرے سے جائزہ لیے جانے کی درخواست دے سکتے ہیں۔