1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال لیجنڈ رونالڈو آج ریٹائر ہو گئے

14 فروری 2011

برازیل کے فٹ بال کے لیجنڈ کھلاڑی رونالڈو آج ریٹائر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے برازیل کے دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ آج بھی ان کا شمار اِس کھیل میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔

https://p.dw.com/p/10H15
تصویر: AP

چونتیس سالہ فٹبال اسٹار کا برازیل کے ایک اخبار ایستادو ڈی ساؤ پالو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا، ’’میں مزید نہیں کھیل سکتا۔ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ میں کھیلنا اور دوبارہ اپنی بہترین پرفارمنس دکھانا چاہتا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ میرے خیال میں وقت آگیا ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دوں۔‘‘

Der glückliche Torschütze Ronaldo
تصویر: AP

برازیل کے گلوبو ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’میرا دماغ اور دل اب بھی یہی چاہتے ہیں کہ میں اپنے کھیل کو مزید جاری رکھوں لیکن میرا جسم اب ساتھ نہیں دیتا۔‘‘

قبل ازیں رونالڈو نے یہ عندیہ دیا تھا کہ وہ رواں برس کے اواخر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے لیکن پے در پے زخموں اور جنوبی امریکہ کے سب سے مشہور فٹبال کلب ٹورنامنٹ ’کوپا کپ‘ کی وجہ سے انہیں یہ اعلان وقت سے پہلے کرنا پڑ رہا ہے۔ کوپا کپ، یورپ میں چیمپئنز لیگ ٹرافی کے برابر ہے اور اپنے شاندار کیریئر کے دوران رونالڈو صرف ایک مرتبہ یہ کپ جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔

رونالڈو آج کل دنیا کے تمام بڑے اور بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہیں کئی مرتبہ اعلیٰ اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ سن انیس سو چھیانوے، ستانوے اور دوہزار دو میں انہیں سال کا بہترین فیفا پلیئر قرار دیا گیا تھا۔

وہ اپنے شاندار کیرئر کے دوران یورپ کے مشہور ترین فٹبال کلبوں کی طرف سے کھیلتے رہے ہیں، جن میں ایف سی بارسلونا، ریئل میڈرڈ اور انٹر میلان شامل ہیں۔

رونالڈو اپنے کیریئر میں تین مرتبہ انتہائی شدید زخمی ہوئے، یہاں تک کہ کھلاڑی کے طور پر ان کا کیرئر بھی خطرے میں پڑ گیا تھا۔ انیس سو ننانوے میں انہیں گھٹنے پر انتہائی شدید چوٹ آئی تھی، جس کی وجہ سے انہیں کافی عرصہ کھیل کے میدان سے دور رہنا پڑا تھا۔ اسی طرح سن دو ہزار دو میں بھی ان کا وہی گھٹنا شدید رخمی ہو گیا تھا۔ فروری 2008ء میں رونالڈو اٹلی کے میلان کلب کی طرف سے کھیل رہے تھے کہ انہیں دائیں گھٹنے پر شدید چوٹ آئی۔ اس چوٹ کی وجہ سے انہیں میلان کلب کو خیر باد کہنا پڑا اور وہ سن دو ہزار نو میں برازیل واپس لوٹ گئے۔

2008ء میں رونالڈو منشیات کے استعمال اور جنسی تعلقات کی وجہ سے تنازعات میں گھرے رہے۔ اُسی برس دسمبر میں انہوں نے ایک پانچ سالہ لڑکے کا والد ہونے کا اعتراف کیا تھا، جو جاپان میں پیدا ہوا اور سنگاپور میں رہائش پذیر ہے۔ رونالڈو کے اس کے علاوہ بھی تین بچے ہیں۔ سابقہ بیوی Milene Dominguez سے رونالڈو کا ایک بیٹا اور موجودہ بیوی بیا اینتھنی سے دو بیٹیاں ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید