1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال کے عالمی کپ کے لیے جرمن ٹیم کا اعلان

شامل شمس9 مئی 2014

جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے جون میں ہونے والے ورلڈ کپ مقابلے کے لیے تیس کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Bwik
تصویر: Alex Grimm/Bongarts/Getty Image

برازیل میں کھيلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کے لیے جرمن کوچ لوو نے تينتیس سالہ اسٹرائکر ماریو گومیز کو ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ ان کی جگہ پینتیس سالہ ماریسلاو کلوزے کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع دیا گیا ہے۔

قبل ازیں برازیل کی متوقع ٹیم کا بھی اعلان کیا گیا تھا جس میں سینئر کھلاڑی کاکا اپنی جگہ نہیں بنا سکے۔ کاکا اطالوی کلب اے سی ملان کے لیے کھیلتے ہیں۔

گومیز نے عالمی کپ کے لیے ٹیم میں عدم شمولیت کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر لکھا کہ انہیں اس بات کا بے حد دکھ ہوا ہے۔ وہ لکھتے ہیں: ’’مجھے کوچ کی طرف سے ایک ٹیلی فون کال موصول ہوئی جس سے مجھے بے حد تکلیف ہوئی۔ مجھے امید تھی کہ میں ٹورنامنٹ سے پہلے فٹ ہو جاؤں گا۔ اس سیزن میں مجھے انجریز کا سامنا رہا، اور اب اس خبر سے مجھے مزید دھچکا لگا ہے۔‘‘

لوو کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گومیز کی جسمانی حالت ایسی نہیں کہ وہ اس سخت مقابلے کے لیے کوالیفائی کر سکتے۔

مجموعی طور پر جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ نے ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔ ان میں دس تو ایسے ہیں جو اس وقت پیدا بھی نہیں ہو‌ئے تھے جب انیس سو نوے میں جرمنی نے اپنا آخری عالمی کپ جیتا تھا۔

توقع کے مطابق ورلڈ کپ اسکواڈ میں جرمن کلب بائرن میونخ کے سات کھلاڑی اور بوروسیا ڈورٹمنڈ کے پانچ کھلاڑی شامل ہیں۔ بائرن میونخ ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا کی سرپرستی میں اس برس کی جرمن فٹ بال لیگ یا بنڈس لیگا جیت چکا ہے، تاہم اس کلب کو چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ریئل میڈرڈ کے لیے کھیلنے والے کھلاڑی سمیع کھدیرا کی جرمن قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کو بھی اس سیزن میں انجریز کا سامنا رہا تھا۔

لوو تئیس کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان دو جون کو کریں گے۔

برازیل میں فٹ بال کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ تیرہ جون سے تیرہ جولائی تک کھیلا جائے گا۔ جرمنی کی ٹیم یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے پسندیدہ قرار دی جا رہی ہے۔ فٹ بال کے تجزیہ کاروں کے مطابق دفاعی چیمپئن اسپین، برازیل اور ارجنٹائن کی ٹیمیوں کا بھی عالمی کپ جیتنے کا قوی امکان ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمومی طور پر براعظم جنوبی امریکا میں منعقد ہونے والے عالمی کپ کی فاتح ٹیم اسی براعظم سے ہوتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید