1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لنچ سے پہلے سنچری، ڈیوڈ وارنر کا منفرد اعزاز

عابد حسین
3 جنوری 2017

آسٹریلیا کے افتتاحی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں لنچ سے پہلے سنچری بنائی ہے۔ وہ لنچ سے قبل سنچری بنانے والے پانچویں بیٹسمین بن گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2VBkC
Austalischer Cricketspieler David Warner
تصویر: S. Khan/AFP/Getty Images

اس طرح ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی تمام نو ٹیموں میں صرف پانچ بیٹسمین ایسے ہیں، جنہیں یہ اعزاز حاصل ہے، کہ انہوں نے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن لنچ سے قبل کے دو گھنٹوں میں ہی سنچری مکمل کر لی ہو۔ تین جنوری بروز منگل، آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں میزبان ٹیم کے افتتاحی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف شروع ہونے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن لنچ سے قبل سنچری مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

وارنر ٹیسٹ کرکٹ کی 140 سالہ تاریخ کے پہلے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں، جنہوں نے اپنے ملک میں یہ تیز رفتار سنچری مکمل کی ہے۔ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے وارنر نے 78 گیندوں پر سترہ چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے۔ وہ اس اسکور پر وہاب ریاض کے بال پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں اٹھارہویں سینچری ہے۔

کسی بھی ٹیسٹ میچ میں لنچ سے قبل سنچریاں بنانے والے پانچ بیٹسمینوں میں سے چار کا تعلق آسٹریلیا اور ایک کا پاکستان سے ہے۔ وارنر سے قبل اس اعزاز کے حامل بیٹسمینوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:۔

World Cup Cricket 2015 Australien vs England
ڈیوڈ وارنر ایک عمدہ بیٹسمین ہونے کے علاوہ شاندار فیلڈر بھی ہیںتصویر: Getty Images/R. Cianflone

* ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے پہلے آسٹریلیا کے مشہور کھلاڑی وکٹر ٹرمپر نے سن 1902 میں انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ ہی کے شہر مانچسٹر میں منعقدہ ٹیسٹ میچ میں سنچری مکمل کی تھی۔

* آسٹریلیا ہی کے چارلی میکارٹنی نے سن 1926 میں انگلش سرزمین پر لیڈز کے مقام پر کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انگریز ٹیم کے خلاف لنچ سے قبل سنچری بنائی تھی۔

* سن 1930 میں آسٹریلیا ہی کے لیجنڈری کرکٹر سر ڈان بریڈمین نے بھی انگلینڈ کے خلاف انگلش سرزمین پر کھیلے گئے لیڈر ٹیسٹ میں سنچری مکمل کی تھی۔

* چار آسٹریلوی بیٹسمینوں کے علاوہ لنچ سے قبل سنچری بنانے کا اعزاز پاکستان کے مشہور کرکٹر ماجد خان کو حاصل ہے۔ انہوں نے سن 1975 میں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ میں لنچ سے پہلے سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس طرح تقریباً چالیس برس بعد اب جا کر ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف لنچ سے قبل سنچری بنائی ہے۔ آؤٹ ہونے کے بعد وارنر نے کہا کہ اننگ شروع کرتے وقت انہیں یہ احساس نہیں تھا کہ وہ یہ اعزاز حاصل کر سکیں گے لیکن یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔