لیونیل میسی بارسلونا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی
21 مارچ 2012چوبیس سالہ میسی نے انیس سو پچاس کی دہائی میں سیزر روڈریگیز کی جانب سے ایف سی بارسلونا کے لیے دو سو بتیس گول کرنے کا ریکارڈ منگل کے روز گراناڈا کے خلاف میچ میں توڑ ڈالا۔ میسی کے مجموعی گولوں کی تعداد دو سو تینتیس ہو چکی ہے۔ اس سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کے روڈریگیز کے گولوں کی تعداد دو سو پینتیس ہے تاہم ایف سی بارسلونا کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ لیجینڈری روڈریگیز نے کلب کے لیے دو سو بتیس گول بنائے تھے۔
گراناڈا کے خلاف میچ میں میسی نے ایک مرتبہ پھر ہیٹ ٹرک کی اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بارسلونا نے گراناڈا کے خلاف پانچ گول کیے۔ گراناڈا تین گول کر پائی۔
ہسپانوی فٹ بال لیگ لا لیگا میں بارسلونا دوسرے نمبر پر ہے جب کہ ریئل میڈرڈ بارسلونا سے آگے ہے۔ گزشتہ تین برسوں سے بارسلونا لا لیگا کا فاتح رہا ہے۔
اس سیزن میں ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے میسی کے گولوں کی تعداد چون ہو گئی ہے۔ وہ لا لیگا میں بھی سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ اس برس چیمپیئنز لیگ میں بھی وہ بارہ گول کر کے سر فہرست ہیں۔ چیمپیئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل کی دوسری لیگ میں لیور کوزن کی ٹیم کے خلاف میسی نے پانچ گول کر کے کسی بھی فٹ بالر کی جانب سے چیمپیئنز لیگ کے ایک میچ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا بھی ریکارڈ بنایا تھا۔
میچ کے بعد بارسلونا کے کوچ پیپ گارڈیولا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہ کہ تین برسوں سے لگاتار ورلڈ پلیئر آف دا ایئر کا ایوارڈ جیتنے والے میسی ایک عہد ساز اور دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’مجھے ان کے لیے افسوس ہے جو میسی کی جگہ لینا چاہتے ہیں۔ یہ لڑکا بہترین ہے۔‘‘
گارڈیولا نے کہا کہ جس طرح باسکٹ بال پر مائیکل جارڈن کا نام چھایا رہا اسی طرح فٹ بال پر میسی کا نام چھا چکا ہے۔
دنیا بھر کے فٹ بالر میسی کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تاریخ کے بہترین فٹ بالرز میں شمار کرنے لگے ہیں، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ میسی ارجنٹائن کے لیے اتنا عمدہ کھیل پیش نہیں کر پاتے۔ میسی کے مداح اور فٹ بال کے کئی ماہرین انہیں پیلے اور میراڈونا کے بعد تاریخ کا بہترین فٹ بالر قرار دیتے ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد