ماریا شاراپوا ومبلڈن کے فائنل میں
1 جولائی 2011یوں ماریا شاراپوا سات سال بعد ومبلڈن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے قریب پہنچی ہیں۔ انہوں نے جمعرات کے میچ میں زابینے لیسکی کو براہ راست سیٹوں میں مات دے کر فائنل تک رسائی پائی۔ اس ٹورنامنٹ میں شاراپوا کو ابھی تک ایک سیٹ میں بھی ناکامی کا منہ نہیں دیکھنا پڑا۔
زابینے نے وائلڈ کارڈ کے ذریعے ومبلڈن میں جگہ بنائی تھی۔ انہوں نے شاراپوا کے خلاف کھیل کا شاندار آغاز کیا۔ مقابلہ شروع ہوتے ہی لیسکی کو صفر تین کی برتری مل گئی۔ ان کی فاسٹ سروس بھی شاراپوا پر بھاری پڑ رہی تھی۔
شاراپوا نے خود بھی متعدد غلطیاں کیں۔ صفر تین سے پیچھے رہنے کے بعد انہوں نے کھیل میں لوٹنا شروع کیا اور چار چھ سے پہلا سیٹ جیتنے میں کامیاب رہیں۔
دوسرے سیٹ میں شاراپوا پوری طرح لیسکی پر حاوی رہیں۔ اس مرحلے میں انہوں نے اپنی جرمن حریف کو تین چھ سے مات دی اور ومبلڈن کے فائنل میں اپنی جگہ پکّی کر لی۔
شاراپوا یہ میچ جیت تو گئیں، لیکن یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ لیسکی کے خلاف ان کا کھیل شاندار نہیں رہا۔ میچ کے بعد انہوں نے خود بھی یہی کہا: ’’آج کا میچ شاندار نہیں تھا، لیکن میں دو سیٹ میں کامیاب رہی اور اس لیے خوش ہوں۔ اسٹیج پر واپسی، یہ ایک شاندار تجربہ ہے۔‘‘
لیسکی یہ میچ تو ہار گئیں ہیں لیکن ان کے کھیل کو سراہا جا رہا ہے۔ اب انہیں ٹینس کی ابھرتی اسٹار قرار دیا جا رہا ہے۔ ومبلڈن میں اس مرتبہ خواتین کے مقابلے ویسے ہی بہت حیرت انگیز رہے ہیں۔ شاراپوا کے علاوہ کوئی بڑی کھلاڑی سیمی فائنل تک نہیں پہنچ پائی۔
شاراپوا نے 2004ء میں ومبلڈن کا فائنل جیت کر ہلچل مچا دی تھی ۔ اس وقت ان کی عمر محض سترہ برس تھی۔ ومبلڈن میں مردوں کے سیمی فائنل کے مقابلے میں جمعہ کو برطانیہ کے اینڈی مرے رافائل نادال کا سامنا کریں گے۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبر رساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد