1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالٹا سمٹ پر لیبیا کے مہاجرین اور ٹرمپ کا سایہ

عابد حسین
1 فروری 2017

یورپی یونین کا سربراہ اجلاس جمعہ تین فروری کو مالٹا کے دارالحکومت میں شروع ہو گا۔ اس اجلاس میں ٹرمپ کی سات مسلمان ملکوں پر پابندی اور لیبیا سے مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے کے موضوعات اہمیت اختیار کیے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2WlkY
Malta EU Afrika Gipfel in Valetta
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Babani

سفارتی مبصرین کے مطابق یورپی یونین کی مالٹا سمٹ پر لیبیا سے مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سات مسلمان ملکوں کے شہریوں کی امریکا آمد پر پابندی کے فیصلے سے کئی قسم کے اندیشے اور وسوسے منڈلاتے دکھائی دیتے ہیں۔ سربراہ اجلاس کے ایجنڈے پر برطانوی حکومت کا یورپی یونین کو خیرباد کہنے کا عمل بھی اہمیت اختیار کیے ہوئے ہے۔

لیبیا سے مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے پر یورپی یونین نے خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ لیبیا کے ایک سو کوسٹ گارڈز کو مہاجرین کی کشتیوں کو روکنے اور واپس لے جانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام یونانی جزیرے کریٹ پر جاری ہے۔ ایک گروپ کی تربیت رواں مہینے میں مکمل ہو جائے گی۔ اس تربیتی پروگرام کے علاوہ بحیرہٴ روم میں مہاجرین کی کشتیوں کو قابو کرنے کا بحری مشن ’صوفیہ‘ بھی جاری ہے۔

Malta EU-Afrika-Gipfel in Valletta
یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلں ٹُسک مالٹا کے دورے پرتصویر: Getty Images/B. Pruchnie

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلمان ملکوں کے لیے ویزوں کا اجراء روکنے کے ساتھ ساتھ ویزے کے حامل شہریوں پر امریکا کا سفر کرنے کی پابندی سے بھی جو عالمی ہلچل پیدا ہوئی ہے، اُس کے اثرات یورپ میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے اس مناسبت سے کہا ہے کہ گزشتہ ساٹھ سالہ تاریخ میں یورپ کے لیے بڑے خطرات میں روس، چین، اسلامی انتہا پسندی اور داخلی عوامیت پسندی کے ساتھ ساتھ اب ٹرمپ بھی ایک بڑے خطرے کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

یورپی سیاستدان اور سابق پولستانی وزیراعظم ڈونلڈ ٹُسک کا مزید کہنا ہے کہ سات مسلمان ملکوں پر عائد کی جانے والی متنازعہ پابندی کے علاوہ بریگزٹ یا یورپی یونین میں ٹوٹ پھوٹ کی حمایت اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کو غیر اہم تصور کرنے سے ٹرمپ نے در حقیقت یورپ کے لیے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔ ٹُسک کے مطابق نئی امریکی انتظامیہ کے فیصلوں سے یورپ کو ایک غیریقینی مستقبل کا سامنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ٹُسک نے یورپی یونین کی سمٹ شروع ہونے سے قبل یورپی لیڈروں کے نام لکھے گئے اپنے ایک خط میں کیا ہے۔ مالٹا سمٹ کا خاص موضوع ’یورپی یونین کا مستقبل‘ تجویز کیا جا چکا ہے۔ مالٹا میں یونین کے ستائیس رکن ملکوں کے رہنما شریک ہوں گے۔ اس سمٹ میں برطانیہ کی وزیراعظم ٹریزا مے شرکت نہیں کریں گی۔