1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مزید فلسطینی ہلاکتیں، غزہ سے راکٹ حملے اسرائیلی توقع سے زیادہ

مقبول ملک12 جولائی 2014

اسرائیل اور عسکریت پسند فلسطینیوں کے مابین گزشتہ منگل کے دن سے جو خونریز تنازعہ جاری ہے، وہ فلسطینیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ ہلاکت خیز ہوتا جا رہا ہے۔ ہفتے کے روز فلسطینی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 121 ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/1CboJ
غزہ پٹی کے وسطی حصے میں اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بننے والی مسجدتصویر: REUTERS

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کہہ چکے ہیں کہ وہ غزہ پر اسرائیل کی زمینی فوجی کارروائی کو خارج از امکان نہیں سمجھتے۔ اسی طرح غزہ پٹی میں فلسطینیوں کی حماس تحریک کے عسکری بازو کی طرف سے بھی دھمکی دی جا چکی ہے کہ وہ تل ابیب کے بین گوریان بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی راکٹ حملوں کا نشانہ بنا سکتا ہے۔

اس تنازعے میں تازہ ترین پیش رفت یہ ہے کہ آج ہفتے کو غزہ پٹی کے علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید کم از کم 15 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اس طرح گزشتہ منگل سے اب تک اسرائیلی فضائی حملوں میں مارے جانے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد بھی اب 121 ہو گئی ہے۔

ان ہلاکتوں کے مسلسل بڑھتے جانے پر حماس کا رد عمل یہ ہے کہ اس کی طرف سے اسرائیل پر راکٹ حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے آج سے غزہ سے فائر کیے جانے والے راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے اپنی آٹھویں میزائل شکن انٹرسیپٹر بیٹری کو بھی استعمال کرنا شروع کر دیا۔ خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایسا اس لیے کیا گیا کہ اسرائیلی حملوں کے جواب میں غزہ پٹی سے راکٹ حملے اسرائیل کی توقعات سے زیادہ رہے ہیں۔

Palästina Israel Luftangriff auf den Gazastreifen 12.07.2014
غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں تباہ ہو جانے والے معذور افراد کا بحالی مرکزتصویر: REUTERS

اسی دوران غزہ سٹی سے مغرب کی طرف اسرائیلی فضائیہ کے آج سہ پہر کیے جانے والے ایک حملے میں مزید پانچ فلسطینی مارے گئے۔ خبر ایجنسی اے پی کے مطابق حماس کے مبینہ اہداف پر حملوں کے دوران اسرائیل نے غزہ میں ایک مسجد اور معذور افراد کے ایک مرکز کو بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق مسجد میں مبینہ طور پر راکٹ چھپائے گئے تھے۔ معذور افراد کے مرکز پر فضائی حملے میں دو خواتین ہلاک ہو گئیں۔

ٹونی بلیئر قاہرہ میں

مشرقِ وسطیٰ کے لیے چار کے گروپ کے نمائندے اور سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر آج ہفتے کو مصری دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے۔ قاہرہ میں ٹونی بلیئر مصری رہنماؤں سے بات چیت میں اس بات پر زور دیں گے کہ وہ موجودہ خونریز تنازعے کے خاتمے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ ٹونی بلیئر مشرقِ وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں کے لیے یورپی یونین، اقوام متحدہ، روس اور امریکا کے مشترکہ مندوب ہیں۔

عرب لیگ کا وزارتی اجلاس پیر کو

فلسطینیوں اور اسرائیل کے مابین موجودہ خونریز تنازعے سے متعلق مشوروں کے لیے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس پرسوں پیر کے روز قاہرہ میں ہو گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق عرب لیگ کے موجودہ صدر ملک کویت کا مطالبہ ہے کہ تنظیم کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس فوراﹰ بلایا جانا چاہیے۔ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تازہ خونریزی پر عرب لیگ نے ابھی تک کوئی مربوط ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید