1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مستحکم افغانستان کے لئے پاکستانی کردار ناگزیر، گیلانی

13 اکتوبر 2010

پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار قیام امن کے لئے پاکستان کا کردار ناگزیر ہے۔

https://p.dw.com/p/Pcwx
پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: Abdul Sabooh

منگل کو مردان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بغیر، افغانستان میں امن کے لئے کسی سمھجوتے پر پہنچنا ناممکن ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے یہ بیان مردان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے ایک دورے کے دوران دیا۔ یوسف رضا گیلانی نے افغانستان میں قیام امن کے بارے میں کی جانے والی کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا،’ ہم مسئلے کا حصہ نہیں بلکہ اس کا حل ہیں۔‘

افغان صدرحامد کرزئی نے کچھ دن قبل ہی یہ اعتراف کیا تھا کہ وہ طالبان کے ساتھ غیر سرکاری سطح پر مذکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسی حوالے سے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے پوچھا گیا کہ کیا کرزئی نے پاکستانی حکام سے اس بارے میں کوئی مشاورت کی ہے تو گیلانی نے کہا، ’جب صدر کرزئی اپنی حکمت عملی سے امریکہ کو آگاہ کریں گے تو اسی وقت وہ ہمیں بھی اس بارے میں مطلع کریں گے اور تب ہم اس پر کچھ تبصرہ کر سکیں گے‘۔

اگرچہ پاکستان نے افغانستان میں استحکام کی خاطر پہلے بھی کئی مرتبہ اپنی خدمات سر انجام دینے کے لئے بیانات دئے ہیں تاہم افغان حکام وہاں قیام امن کے لئے پاکستان کے کردار کے بارے میں شکوک رکھتے ہیں۔

Hamid Karzai
افغان صدر حامد کرزئی بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں پناہ لئے ہوئے شر پسند عناصر افغانستان کے استحکام کے لئے خطرہ ہیںتصویر: AP

یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سن1990ء میں افغانستان میں طالبان نے کنٹرول حاصل کرنے کے لئے پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔ مبصرین کے مطابق علاقائی سطح پر بالخصوص بھارت کے مقابلے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لئے پاکستان، افغانستان میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔ امریکی اور افغان حکام کئی بار کھلم کھلا کہہ چکے ہیں کہ افغانستان کے کئی اہم طالبان کمانڈر پاکستانی قبائلی علاقوں میں روپوش ہیں تاکہ وہ وہاں نیٹو افواج کی کارروائیوں سے بچ سکیں۔

افغان حکام کے مطابق پاکستان اُن کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرتا ہے۔ امریکی حکام بھی بارہا کہہ چکے ہیں کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی میں کچھ عناصر افغان طالبان کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں