1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلح جنگجوؤں کی شمالی وزیرستان سے فرار کی کوشش

عصمت جبیں13 جون 2014

پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں موجود ملکی اور غیر ملکی عسکریت پسند اور ان کے سرکردہ رہنما وہاں سے چپکے سے فرار ہونے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ شمالی وزیرستان میں ممکنہ فوجی آپریشن ہے۔

https://p.dw.com/p/1CHl1
تصویر: picture-alliance/AP Photo

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق افغان سرحد کے قریب پاکستانی قبائلی علاقوں میں سے خاص طور پر شمالی وزیرستان میں سکیورٹی دستوں کے بڑے آپریشن کی افواہیں کافی عرصے سے سننے میں آ رہی ہیں۔ اسی پہاڑی علاقے میں مئی کے آخر میں پاکستانی طالبان اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی اور زمینی حملے بھی کیے گئے تھے۔

ایک جائزے میں اے ایف پی نے لکھا ہے کہ اس قبائلی علاقے سے اسلام پسند جنگجوؤں کا انخلاء گزشتہ مہینے کے آخر میں ہی شروع ہو گیا تھا۔ مقامی باشندوں کے بقول ان شدت پسندوں نے شمالی وزیرستان سے اسی وقت نکلنا شروع کر دیا تھا جب پاکستانی جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے وہاں فضائی حملے شروع کیے تھے۔ ان حملوں کے بارے میں بعد میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ان میں ایسی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا جن کے بارے میں انٹیلیجنس ذرائع سے تصدیق ہو گئی تھی کہ وہ پاکستانی طالبان اور غیر ملکی اسلام پسندوں کی پناہ گاہیں تھی۔

Pakistan Nord-Waziristan Flüchtlinge
اب تک شمالی وزیرستان سے کافی زیادہ عام شہری نقل مکانی کر چکے ہیںتصویر: AFP/Getty Images

اے ایف پی نے شمالی وزیرستان کے مقامی باشندوں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر وسیع تر ملٹری آپریشن سے پہلے عسکریت پسند وہاں سے نکل گئے تو کسی فوجی کارروائی کے مؤثر ہونے کے بارے میں سوالات کا اٹھنا لازمی بات ہو گی۔ اس خبر رساں ادارے نے لکھا ہے کہ کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حال ہی میں عسکریت پسندوں نے جو خونریز حملہ کیا، اس کے بعد شمالی وزیرستان سے شدت پسندوں کے فرار کا عمل تیز ہو گیا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر 38 افراد کی ہلاکت کی وجہ بننے والے حملے نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی حکومت اور طالبان باغیوں کے مابین مذاکراتی عمل حتمی طور پر ناکام ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات اس سال کے دوران پہلی مرتبہ پاکستانی قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون طیاروں سے نئے میزائل حملے بھی کیے گئے۔ ان دو میزائل حملوں میں کم از کم 16 عسکریت پسند مارے گئے تھے۔ سکیورٹی امور کے ماہر کئی تجزیہ کاروں کے بقول کراچی ایئر پورٹ پر حملے کے فوری بعد اور کئی مہینوں کے وقفے سے پاکستان میں نئے سرے سے امریکی ڈرون حملوں نے اس شبے کو تقویت دی ہے کہ ایسی کارروائیوں کے لیے پاکستان اور امریکا کے مابین رابطے اور ہم آہنگی موجود ہیں۔

Pakistanische Kampfjets F-16
جنگجوؤں کا انخلاء فضائی حملوں کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھاتصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

کراچی کے ہوائی اڈے پر حملے میں ازبکستان سے تعلق رکھنے والے کئی عسکریت پسند بھی شامل تھے۔ اے ایف پی نے لکھا ہے کہ شمالی وزیرستان کے مرکزی قصبے میران شاہ کے رہائشیوں اور مقامی حکام کے بقول پاکستانی اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کی اکثریت وہاں سے رخصت ہو چکی ہے۔

ایک مقامی سکیورٹی اہلکار نے اس نیوز ایجنسی کو بتایا، ’’ان جنگجوؤں میں سے زیادہ تر پہاڑوں میں بہت آگے افغان سرحد کی طرف جا چکے ہیں۔‘‘ اس کے علاوہ یہ عسکریت پسند اب وہ دیہات بھی خالی کرتے جا رہے ہیں جو القاعدہ کے حامی دہشت گردوں کے حقانی نیٹ ورک اور غیر ملکی شدت پسندوں کے گڑھ سمجھے جاتے تھے۔

پاکستانی قبائلی علاقوں میں اس وقت جو غیر ملکی عسکریت پسند پناہ لیے ہوئے ہیں، ان میں انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق چیچن، ازبک، ترکمان، تاجک اور ایغور نسل کے مسلمان جنگجو شامل ہیں۔ میران شاہ کے ایک مقامی باشندے کے بقول شمالی وزیرستان سے اب تک 80 فیصد پاکستانی اور غیر ملکی عسکریت پسند نکل چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں