1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلمان اداکار کی شرکت، ہندو انتہا پسندوں نے ڈر امہ روک دیا

عابد حسین
8 اکتوبر 2016

بھارت کے ایک گاؤں میں روایتی ہندو مت کے ڈرامے میں مسلمان اداکار کی شرکت نے تنازعہ پیدا کر دیا۔ اِس ڈرامے میں مسلمان اداکار کی شرکت کے خلاف ہندو انتہا پسند دیوار بن کر کھڑے ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/2R28V
Nawazuddin Siddiqui
اداکار نوازالدین صدیقیتصویر: DW/M. Gopalakrishnan

بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندو مت کا ایک روایتی ڈرامہ ’رام لیلا‘ اسٹیج پر پیش کیا جانے والا تھا کہ ہندو انتہا پسندوں کے جتھے نے  اِسے روک دیا۔ ڈرامے میں بھارتی فلم انڈسٹری المعروف بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کی پرفارمنس بھی شامل تھی۔ بھارت بھر میں نواز الدین صدیقی اپنی فلم ’لنچ بکس‘ کی وجہ سے انتہائی زیادہ شہرت رکھتے ہیں۔

بھارت کی مقدس کتاب رامائن کے واقعات پر مبنی ڈرامہ نواز الدین صدیقی کے آبائی گاؤں بڈانا میں اسٹیج پر پیش کیا جانے والا تھا۔ شائقین ڈرامے کے منتظر تھے کہ منتظمین نے اِسے منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ منتظمین کو انتہائی دائیں بازو کے مذہبی قوم پرست گروپ شیو سینا کے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس تنظیم کے اراکین بڈانا گاؤں پہنچے اور رامائن کے کرداروں پر مبنی ڈرامے ’رام لیلا‘ میں نواز الدین صدیقی کی شرکت کو مذہبی اقدار کے منافی قرار دے دیا۔

Szene aus dem Film Peepli Live
نواز الدین صدیقی ایک فلم کے منظر میںتصویر: Aamir Khan Productions

گاؤں کی رام لیلا کمیٹی کے صدر دامودر پرشاد شرما نے معتبر بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو حالات و واقعات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شیو سینا کے چند ممبران نے ڈرامہ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل اعتراض کیا کہ رام لیلا میں ایک مسلمان اداکار کوئی کردار کس بنیاد پر ادا کر سکتا ہے۔ شرما کے مطابق بعد میں پولیس نے انہیں ڈرامے میں نواز الدین صدیقی کی پرفارمنس ختم کرنے کی ہدایت کی۔

شرما نے یہ بھی بتایا کہ پولیس نے کمیٹی پر واضح کیا کہ اگر ڈرامے میں مسلمان اداکار کے شامل کرنے کے بعد مجموعی صورت حال خراب ہوتی ہے تو اِس کے ذمہ دار کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔ شرما کے مطابق ڈرامہ دیکھنے کے لیے شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور گڑبڑ کی صورت میں امن عامہ کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

ایک اور اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شیوسینا کے مقامی  اہلکار مکیش شرما کا کہنا تھا کہ بڈانا مبں رام لیلا کی پچاس سالہ تاریخ میں کبھی کوئی مسلمان اداکار اسٹیج پر نمودار نہیں ہوا تو اب ایسا کرنے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔

 ڈرامے کا انعقاد منسوخ کرنے پر صدیقی نے شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ رام لیلا میں اداکاری کرنا اُن کا بچپن کا ایک خواب ہے اور امکاناً وہ اگلے برس اِس خواب کی تکمیل کر پائیں گے۔