1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منڈیلا کو آج سپرد خاک کیا جائے گا

عدنان اسحاق 14 دسمبر 2013

جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی میت آخری رسومات کے لیے ایسٹرن کیپ پہنچا دی گئی ہے۔ اس سے قبل پریٹوریا میں ایک الوداعی تقریب میں ملکی صدر جیکب زوما نے آں جہانی منڈیلا کو ایک مرتبہ پھر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

https://p.dw.com/p/1AZgp
Nelson Mandela Sarg
تصویر: picture-alliance/dpa

آخری رسومات کے لیے کونو روانہ کرنے سے قبل ہفتے کی صبح نیلسن منڈیلا کی میت کو ایک الوداعی تقریب کے لیے واٹر کلوف کی چھاؤنی منتقل کیا گیا۔ یہ تقریب خصوصی طور پر افریقی نیشنل کانگریس’ اے این سی‘ کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ فوج نے جنوبی افریقی پرچم میں لپٹے ہوئے کفن کو اے این سی کے حوالے کیا۔ واٹر کلوف ہوائی اڈے پر ہونے والی تقریب میں جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے ایک مرتبہ پھر نسلی امتیاز کے خلاف منڈیلا کی جدوجہد کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظریے کو عملی شکل دینا صرف منڈیلا کی ہی خصوصیت تھی۔ زوما کے بقول منڈیلا ایک دور دراز علاقے سے جوہانسبرگ آئے اور نسلی امتیاز کے خاتمے کے لیے اپنے ساتھ نظم و ضبط اور نظریہ بھی لائے۔ اس کے بعد ہفتے کی صبح ہی منڈیلا کی میت کودوبارہ فوج کے حوالے کیا گیا، جہاں سے اسے کونو روانہ کر دیا گیا ہے۔

مقامی وقت کے مطابق مینڈیلا کی میت دوپہر کو ایسٹرن کیپ پہنچی۔ ہوائی اڈے سے مقررہ مقام تک جانے والے راستے کے اردگرد لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے موجود تھی۔ آج بروز اتوار کونو میں ہی نوبل امن انعام یافتہ منڈیلا کو سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دارالحکومت پریٹوریا میں تین روز کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد نے نیلسن منڈیلا کا آخری دیدار کیا۔ اس دوران عوام کی ایک بڑی تعداد نے مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ ٹریفک کے مسائل کی وجہ سے وہ اپنے رہنما کو آخری مرتبہ نہ دیکھ پائے۔

Nelson Mandela Sarg African National Congress ANC Zeremonie
نظریے کو عملی شکل دینا صرف منڈیلا کی ہی خصوصیت تھی، جیکب زوماتصویر: Getty Images

جنوبی افریقہ میں امن کی علامت سمجھے جانے والے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو اپنے دوست نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ منڈیلا کی بیٹی کے مطابق ٹوٹو اُن کلیسائی نمائندوں میں شامل نہیں، جنہیں اس تقریب میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق افریقن نیشنل کانگریس اے این سی کی وجہ سے ٹوٹو کو اس فہرست سے باہر رکھا گیا ہے۔ ٹوٹو کے معاون روجر فریڈمین نے اس صورتحال پر تبصرے کرنے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ ٹوٹو کا ابھی تک آخری رسومات میں شرکت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

ڈیسمنڈ ٹوٹو کھل کر صدر جیکب زوما کی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے رہتے ہیں۔ گزشتہ جمعرات کو جوہانسبرگ کے فٹ بال اسٹیڈیم میں ہونے والی تعزیتی تقریب میں بھی اُنہیں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ اُنہیں اسٹیج پر صرف اس وقت بلایا گیا، جب اسٹیڈیم میں صرف چند لوگ باقی بچے تھے۔ 1990ء میں رہائی کے بعد نیلسن منڈیلا نے اپنی پہلی شب ٹوٹو کے ہی گھر بسر کی تھی۔ حالیہ برسوں کےدوران یہ دونوں انتہائی قریبی رابطے میں رہے۔