میسی کی ہیٹ ٹرک اور بارسلونا کے لیے 200 واں گول
2 نومبر 2011میسی نے چیک جمہوریہ کی چیمپیئن ٹیم وکٹوریہ پلزین کے خلاف بارسلونا کی چار گول کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ میں کھیلے گئے اس میچ میں تین گول کرنے کے بعد اب لیونیل میسی بارسلونا کے لیے انفرادی طور پر دو سو سے زائد گول کرچکے ہیں۔ سال کے بہترین فٹ بالر کے اعزاز کے حامل میسی نے میچ کا پہلا گول 24 ویں منٹ میں ایک پینلٹی کک کے ذریعے کیا، جو بارسلونا کے لیے ان کا 200 واں گول ثابت ہوا۔
جیت کے بعد ہسپانوی ٹیلی وژن کو دیے گئے انٹرویو میں میسی کا کہنا تھا کہ وہ دیگر باتوں سے ہٹ کر اپنی ٹیم کی جیت پر خوش ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ریکارڈز کی خاطر نہیں کھیلتے اور بارسلونا کے لیے ریکارڈ 235 گول کرنے والے سیزر روڈریگیز کو پیچھے چھوڑنے کے عزائم ان کے سر پر سوار نہیں۔ بارسلونا کے کوچ پیپ گاردیولا نے اپنے اسٹار کھلاڑی سے متعلق کہا، ’ میسی حیرت انگیز کھلاڑی ہے، میں اور کیا کہوں۔‘
چیک کلب کو صفر کے مقابلے میں چار گولوں سے ہرانے کے بعد بارسلونا ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچ گیا، جس میں سولہ ٹیموں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ گزشتہ روز ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی پانی والی دوسری ٹیم میلان رہی۔ اس ممتاز اطالوی کلب اور بیلاروس کے کلب باٹے کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔
چیمپیئنز لیگ کے سلسلے میں 7 دسمبر تک یورپ کے 64 کلب ایک دوسرے سے گروپ مرحلے میں مقابلے کرتے رہیں گے۔ اس کے بعد تمام آٹھ گروپوں سے دو دو سر فہرست ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوں گی۔
اس سلسلے میں گزشتہ شب میلان اور بارسلونا کے میچز کے علاوہ دیگر چھ مقابلے ہوئے۔ روس کے کلب زینت نے یوکرائن کے شاختر دونیستک کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔ قبرض کے کلب اپوئل نے پرتگال کے کلب پورٹو کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ انگلش کلب آرسنل اور فرانسیسی کلب مارسائیلی کا مقابلہ صفر صفر سے برابری پر ختم ہوا۔
ہسپانوی کلب ویلینشیا نے جرمن کلب لیورکوزن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا، جبکہ ایک اور جرمن کلب ڈورٹمنڈ نے یونانی کلب اولمپیاکوس کو ایک گول سے مات دی، جبکہ انگلش کلب چیلسی اور بیلجیئم کے کلب گینک کا مقابلہ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔ چیمپیئنز لیگ کے سلسلے میں بدھ کو بھی آٹھ میچ کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: شامل شمس