1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرین کے لیے مدد جاری رہے گی، جرمن چانسلر

18 فروری 2023

جرمن چانسلر اولاف شولس نے میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی کی یوکرین کے لیے مدد جاری رہے گی۔تین روزہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں عالمی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4NgNE
Münchner Sicherheitskonferenz MSC l Kanzler Scholz
تصویر: Thomas Kienzle/AFP via Getty Images

جرمنی کے جنوبی صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ میں بین الاقوامی سلامتی کانفرنس کا آغاز جمعہ 17 فروری کو ہوا۔ اس تین روزہ کانفرنس میں اس سال مرکزی موضوع یوکرین پر روس کے حملے سے پیدا ہونے والا سیاسی عدم استحکام اور تمام دنیا پر اس کے اثرات ہیں۔ روس نے 24 فروری 2022ء کو یوکرین پر حملہ کیا تھا۔ اس جنگ کو شروع ہوئے ایک سال ہونے کو ہیں۔

’جرمنی یوکرین جنگ کے امن منصوبے میں علاقوں کے نقصانات کو رد کرتا ہے‘

روس کو مدعو نہیں کیا گیا

اس سال ہونے والی میونخ سکیورٹی کانفرس میں فرانس کے صدر ایمانویل ماکروں، برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک اور امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے علاوہ متعدد دیگر حکام بھی شرکت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ بھی اس کانفرنس میں شریک ہو رہے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف اب تک اس کانفرنس میں شریک ہوتے رہے ہیں تاہم اس برس ان سمیت روسی وفد کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ گزشتہ 20 برس کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ روس اس کانفرنس میں موجود نہیں ہے۔

اتحادی ممالک یوکرین کی مدد میں اضافہ کریں، زیلنسکی

میونخ سلامتی کانفرنس میں یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زیلنسکی نے اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ یوکرین کی حمایت تیز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یوکرینیوں کی زندگیاں خطرات کا شکار ہیں اور یہ کہ روس کے ساتھ جاری جنگ میں یوکرین کی فتح کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

Wladimir Zelensky spricht auf der Münchner Sicherheitskonferenz
میونخ سلامتی کانفرنس میں یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ تصویر: Roman Goncharenko/DW

دوسری طرف بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا کہ وہ یوکرین کو چار ماہ تک جاری رہنے والے پروگرام کی تکمیل کے بعد اسے مزید معاشی مدد فراہم کرنے کے لیے یوکرین کےساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق کییف حکومت نے چار ماہ کی مدت کے پروگرام میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

یوکرین کے لیے جرمنی کی مدد جاری رہے گی، شولس

میونخ سکیورٹی کانفرنس کے میزبان ملک جرمنی کے چانسلر اولاف شولس نے اس موقع پر یہ عزم دہرایا کہ یوکرین کے لیے جرمن مدد جاری رہے گی۔ سکیورٹی کانفرنس کے شرکاء سے اپنے خطاب کے دوران تاہم انہوں نے اتحادیوں پر بھی زور دیا کہ وہ یوکرین میں جنگی ٹینک بھیجیں۔

جرمن حکومت گزشتہ ماہ تک اس حوالے سے تنقید کا شکار رہی کہ وہ یوکرین کو اپنے جدید جنگی ٹینک 'لیوپارڈ ٹو‘ فراہم کرنے کے معاملے میں پس وپیش سے کام لے رہی ہے۔ برلن نے آخر کار یورپ بھر میں استعمال ہونے والے جرمن اسلحے کو یوکرین بھیجنے کی اجازت دے دی تھی ساتھ ہی جرمنی نے خود بھی اپنے پاس موجود یہ ٹینک یوکرین حکومت کو فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

MSC - Münchener Sicherheitskonferez |  Dmytro Kuleba, Antony Blinken und Annalena Baerbock
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور یوکرینی وزیر خارجہ دیمترو کولیبا کانفرنس کے ایک سیشن میں شریک ہیں۔تصویر: Johannes Simon

جرمن قانون کے مطابق ایسے ممالک کے لیے برلن حکومت کی اجازت لینا لازمی ہے جو جرمن اسلحہ کسی دوسرے ملک کو فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم اب برلن حکومت اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ اولاف شولس نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ''وہ ممالک کو جنگی ٹینک بھیج سکتے ہیں انہیں اس پر اب علمدرآمد کرنا چاہیے۔

ا ب ا/ک م (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)