نجمہ کا مشن، خواتین کے لیے ہنر کا ہتھیار
29 اپریل 2016نجمہ رانی گزشتہ قریب دس سال سے سوات بھر کی خواتین کو مفت دستکاری، سلائی اور کڑھائی کی تربیت دے رہی ہیں۔ ان کے بقول، جس طرح تعلیم کو زیور سمجھا جاتا ہے اسی طرح ہنر خواتین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ وہ خواتین کو درس دیتی ہیں کہ مشکل حالات میں کوئی بھی عورت پریشان ہونے اور رونے دھونے کی بجائے آگے بڑھ کر حالات کو سنبھالے۔
ڈی ڈبلیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نجمہ رانی کا کہا تھا کہ سال 2005 میں ان کے ساتھ پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے کے بعد انہوں نے خواتین کو ہنر سیکھنے کی ترغیب دینا شروع کی، تاکہ وہ مشکل حالات میں اپنے خاندان کی کفیل بن سکیں اورکسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلائیں: ’’وہ میری زندگی کا کٹھن ترین دن تھا، جب میرے میاں نے مجھے تین بچوں سمیت چھوڑ دیا۔ طلاق کے بعد بچوں اور بیمار ماں کا واحد سہارا بننا میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہ تھا۔ لیکن ایک ہنرمند خاتون ہوتے ہوئے میں نے تمام تر مشکلات پر جلد قابو پالیا۔‘‘
نجمہ کے مطابق انہوں نے بچپن میں سلائی کا کام سیکھا تھا لہذا انہوں نے اس ہنر کو اپنی ڈھال بنا لیا اور محلے کے لوگوں کے لیے ’سلائی بُنائی‘ کا کام کر کے اپنے گھر کا چولہا جلاتی رہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اس دور میں ان کا یہ ہنر ہی ان کا واحد سہارا تھا: ’’میں سوچتی ہوں کہ اگر مجھے یہ فن نہ آتا، تو شاید آج نہ میں اس مقام پر ہوتی اور نہ ہی میرے بچے پڑھ لکھ رہے ہوتے۔‘‘
فنی تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اور دوسری خواتین کو کسی ناخوشگوار آفت سے بچانے کی غرض سے نجمہ نے گھر پر ہی محلے کی بچیوں اور خواتین کو دستکاری سکھانے کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں انہوں نے اپنے پاس جمع شدہ رقم سے 2006 میں چار سلائی مشین خریدیں، جس سے انہوں نے اسی سال اپنے علاقے کی پندرہ خواتین کو مفت ٹریننگ دی۔ وہ کہتی ہیں، ’’میری یہ کوشش ہے، کہ جس مشکل سے میں گزری ہوں، کوئی بھی عورت اس اذیت سے نہ گزرے۔‘‘
ان کے کام اور مشن کو دیکھتے ہوئے ایک فلاحی ادارے Helping Hands نے ان کو 2006ء ہی میں چھ سلائی مشینیں فراہم کیں جن کی بدولت اگلے تین ماہ میں انہوں تیس کے قریب بچیوں کو کپڑے سینے کے ہنر سے آراستہ کیا۔
نجمہ اس دوران مختلف دستکاری اداروں کے تربیتی پروگراموں میں بھی حصہ لیتی رہیں اور وہاں سے حاصل کردہ معلومات اور جدید ہنر اپنے شاگردوں میں مسلسل منتقل کرتی رہیں۔ نجمہ کے مطابق تاحال انہوں نے کم وبیش 16 ہزار بچیوں اور خواتین کو عملی دستکاری کی تعلیم دی ہے۔ وہ اپنے دستکاری سنٹر میں کپڑوں کی سلائی کٹائی کے علاوہ، کڑھائی، اون سے سویٹر بنانا، سواتی چادر کی گلکاری اورکشیدہ کاری کے ہنر سکھاتی ہیں۔ نجمہ اپنے گھر پر خواتین کو تربیت دینے کے علاوہ چند دستکاری کے اداروں میں ماسٹر ٹرینر کی حیثیت سے کام بھی کرتی ہیں۔
نجمہ کے مشن اور ارادوں کے بارے میں عورتوں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے ’’خویندو کور‘‘ کی ایک اعلٰی عہدہ دار انیلہ تاجک کہتی ہیں، ’’نجمہ ایک فرنٹ لائن ہیرو ہے، وہ ان تمام خواتین کے لیے مثال ہیں جو مشکل حالات میں گھبرا کر ہمت چھوڑ جاتی ہیں۔‘‘ انیلہ مزید کہتی ہیں، ’’بغیر کسی لالچ کے نجمہ اصلی معنوں میں علم پھیلا رہی ہیں، ان کی یہ کوشش ہے کہ کوئی بھی عورت کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلائے۔‘‘
مینگورہ شہر کی رہائشی بیس سالہ شمیم کہتی ہیں کہ وہ گزشتہ تین ماہ سے نجمہ کے گھر میں دستکاری سیکھ رہی ہیں۔ ان کے مطابق، ’’مجھے سلائی کے بارے میں کچھ بھی نہیں آتا تھا۔ تین ماہ کے عرصے میں اب میں بہتر طور پر کپڑوں کی کٹائی اور سلائی کر سکتی ہوں۔‘‘ شمیم کہتی ہیں کہ ان کے گھروالوں کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے، جس سے وہ تعلیم مکمل کر سکتیں۔ ان کے بقول، ’’یہاں سے مفت دستکاری کی تربیت حاصل کرنے کے بعد میں گھر پر یہ کام جاری رکھوں گی اور گھر کے اخراجات میں اپنے والدین کا ہاتھ بٹاؤں گی۔‘‘