1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نوجوان کرکٹرز کے لیے انگلینڈ میں تندولکر کی گلوبل اکیڈمی

18 جولائی 2018

بین الاقوامی کرکٹ کے بھارتی لیجنڈ سچن تندولکر انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس کے تعاون سے انگلینڈ میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ایک کرکٹ ٹریننگ اکیڈمی قائم کریں گے۔ اس تربیتی ادارے کا نام تندولکر مڈل سیکس گلوبل اکیڈمی ہو گا۔

https://p.dw.com/p/31hkr
سچن تندولکر لندن کے مادام تساؤ میوزیم مین اپنے مومی مجسمے کے ساتھتصویر: picture-alliance/dpa/EPA/STR

برطانوی دارالحکومت لندن سے اٹھارہ جولائی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق سچن تندولکر اور مڈل سیکس کاؤنٹی کی انتظامیہ کی طرف سے مل کر تندولکر مڈل سیکس گلوبل اکیڈمی (TMGA) کے قیام کا اعلان آج بدھ کے روز کیا گیا۔ اس کیڈمی میں نو سے لے کر 14 برس تک کی عمر کے لڑکے لڑکیوں کو کرکٹ کی ٹریننگ دی جایا کرے گی۔

سچن تندولکر اور مڈل سیکس کاؤنٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں بتایا گیا ہے، ’’اس اکیڈمی میں بچوں کو نصابی سطح پر بھی کرکٹ کی بھرپور تعلیم دی جایا کرے گی، جس دوران اس کھیل کے کئی ٹریننگ کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔

ایسا پہلا کیمپ انگلینڈ میں مرچنٹ ٹیلرز اسکول میں اگلے ماہ اگست کی چھ سے نو تاریخ تک لگایا جائے گا، جس کے بعد نوجوان شرکاء کو مزید تربیت کے لیے بھارت میں ممبئی، برطانیہ میں لندن اور کئی دیگر مقامات پر بھی تربیت دی جائے گی۔

بیان کے مطابق اس اکیڈمی کے ذریعے نوجوان کرکٹرز کو یہ موقع مل سکے گا کہ وہ مڈل سیکس کاؤنٹی اور سچن تندولکر کی صورت میں کرکٹ کے دو انتہائی معتبر اور مؤقر ’’اداروں‘‘ سے اس کھیل کے بارے میں بہت کچھ سیکھ سکیں۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس اکیڈمی میں تعلیمی نصاب کے طور پر جو کورسز تیار کیے گئے ہیں، وہ مڈل سیکس کے مشہور کرکٹ کوچز اور سچن تندولکر نے بڑی محنت سے لیکن ذاتی طور پر تیار کیے ہیں۔

اس اکیڈمی میں نوجوان شرکاء کو اس کھیل کے مختلف تکنیکی پہلوؤں، نفسیات، کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس، بہتری، بیٹنگ اور بولنگ کی تکنیک وغیرہ کو بہتر بنانے کی جامع تربیت دی جائے گی۔

تندولکر اور مڈل سیکس کاؤنٹی کے مشترکہ بیان کے مطابق اس اکیڈمی میں تربیت کے لیے جگہ پانے والوں کے انتخاب میں بنیادی کردار ان کا ٹیلنٹ کرے گا اور بہت باصلاحیت لیکن کم مالی وسائل کے حامل نوجوان لڑکے لڑکیوں کو 100 وظائف بھی دیے جائیں گے۔

سچن تندولکر کی عمر اس وقت 45 برس ہے، وہ دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں دنیا کے کسی بھی دوسرے کھلاڑی کے مقابلے میں زیادہ رنز بنا رکھے ہیں۔

اس اکیڈمی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے تندولکر نے مزید کہا، ’’اس نئے تربیتی منصوبے کے لیے میری مڈل سیکس کاؤنٹی کے ساتھ شراکت داری کے دو مقاصد ہیں: اچھے کرکٹرز پیدا کرنا اور مستقبل کے اچھے عالمگیر شہری تیار کرنا۔‘‘

م م / ا ا / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید