’ورلڈ چیمپئین آف اوپرا‘ ڈومنگو کی 35 سو ویں پرفارمنس
22 دسمبر 2010پھولوں کی بارش اور داد و تحسین کی گونج میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے مشہور زمانہ اوپرا ہاؤس میں منگل کی شب ایک شاندار پروگرام کا انعقاد ہوا۔ اس میں اوپرا گائیگی کی دنیا میں بہت زیادہ شہرت حاصل کرنے والے ہسپانوی ستارے پلاسیڈو ڈو منگو نے 3500 ویں بار پرفارمنس دی۔
اس سے قبل ڈومنگو نے ویانا ہی کے تھیٹر میں ایک شاندار پروگرام میں اپنے جوہر دکھائے، جس کے بعد تھیٹر انتظامیہ نے اُنہتر سالہ ہسپانوی اوپرا اسٹار کو ایک کیک پیش کیا، جس پر درج تھا ’ ورلڈ چیمپئین آف اوپرا‘۔ اس موقع پر مسرت اور فخر سے سرشار ڈومنگو نے کہا، ’میں خوشی اور افتخار محسوس کر رہا ہوں اور بے حد شکر گزار ہوں کہ میں اوپرا گائیگی کے اپنے طویل کیرئیر کے اس اہم موقع یعنی اپنی 3500 ویں پرفارمنس اس خوبصورت شہر میں پیش کر رہا ہوں‘۔
پلاسیڈو ڈو منگو ابھی گزشتہ مارچ ہی میں سرطان کی ایک سرجری کے اہم مرحلے سے گزرے ہیں۔ تاہم اُن کا کہنا ہے کہ وہ کبھی نہیں تھکیں گے اور اُن کے لئے آرام کا مطلب خود کر زنگ لگانا ہے۔ ویانا میں اپنی 3500 ویں اوپرا پرفارمنس کے موقع پر انہوں نے کہا، ’میں یہاں پھر آؤں گا اور اپنے تمام ارادوں اور منصوبوں کو عملی جامہ پہناؤں گا‘۔ اس موقع پر ڈومنگو کے بے شمار فینز، دوست و احباب اور اوپرا کا لطیف ذوق و شوق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد ویانا اوپرا ہاؤس پہنچی ہوئی تھی۔
پلاسیڈو ڈو منگو 1941ء میں ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں پیدا ہوئے۔ آٹھ سال کی عمر میں انہیں میکسیکو لے جایا گیا، جہاں انہوں نے موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے کا سلسلہ دراصل پیانو اور موسیقی کے پروگرام کنڈکٹ کرنے سے شروع کیا۔ تاہم جلد ہی اُن کی آواز میں چُھپے گُہر آشکار ہونا شروع ہوئے اور انہیں گلو کاری کی تربیت دی جانے لگی۔ اٹھارہ سال کی عُمر میں انہوں نے میکسیکو کے نیشنل اوپرا میں پہلی بار Rigoletto میں ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا۔ اُس کے بعد جب وہ بیس برس کے ہوئے تو انہوں نے La Traviata میں اوپرا پرفارمر کی حیثیت سے پہلی بارمرکزی کردار ادا کیا۔ یہ اوپرا میکسیکو کے شہر Monterrey میں منعقد ہوا تھا۔ تل ابیب میں اسرائیلی اوپرا کے ساتھ تین سیزنز کے دوران ڈو منگو نے 280 اوپراز میں 12 مختلف کردار ادا کرتے ہوئے اپنی گائیگی اور اداکاری کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
عالمی سطح پر ڈومنگو کے کیرئیر کا ایک اہم دور 1965ء سے شروع ہوا۔ وہ واشنگٹن نیشنل اوپرا اور لاس انجیلس اوپرا کے مرکزی کنڈکٹر اور مہتمم رہے۔ اُس کے بعد سے ڈو منگو دنیا کے تمام مشہور اوپرا ہاؤس میں پرفارم کر چکے ہیں۔ پلاسیڈو ڈومنگو نے 1993ء میں گلوکاروں کے ’اوپرالیا‘ نامی بین الاقوامی مقابلے کا سلسلہ شروع کیا، جس کے تحت اب تک مختلف ممالک کے اوپرا ٹیلنٹس سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: امجد علی