1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ: جرمنی اور سویڈن کا میچ برابر

17 اکتوبر 2012

2014ء میں برازیل میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے لیے یورپی ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ راؤنڈ جاری ہے۔ اس سلسلے مین منگل کو جرمنی اور سویڈن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ چار چار گول سے برابر ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/16R78
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی اور سویڈن کے درمیان میچ برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ یہ میچ سویڈن کی ٹیم جیت سکتی تھی اگر اس کے ایک کھلاڑی سے اوپن گول کرنے کا موقع ضائع نہ ہوتا۔ میچ کے آخری لمحات میں بھی جرمن ٹیم ایک گول سے جیت رہی تھی کہ دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی سے میچ کے آخری لمحات میں سویڈن کی جانب سے راسموس ایلم (Rasmus Elm) نے اپنی ٹیم کی طرف سے چوتھا گول کر کے میچ کو برابر کر دیا۔

WM-Qualifikation Deutschland - Schweden
کلوزے نے سویڈن کے خلاف میچ میں دو گول کیےتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی اور سویڈن کے درمیان کھیلے گئے میچ میں اگر یہ کہا جائے کہ پہلا ہاف جرمنی کا تھا اور دوسرا ہاف سویڈن کا تو غلط نہیں ہو گا۔ جرمن ٹیم چار گول کی برتری حاصل کرنے کے بعد اس کو سنبھالنے میں ناکام رہی۔ پہلے ہاف میں جرمن فارورڈ میروزسلاف کلوزے نے آٹھویں اور پندرہویں منٹ میں گول کیے۔ اس کے بعد پہلے ہاف کے انتالیسویں منٹ میں جرمنی کے لیے پیئر میرٹے سیکر  (Per Mertesacker) نے تیسرا گول کیا۔ جب پہلا ہاف ختم ہوا تو جرمن ٹیم تین گولوں سے جیت رہی تھی۔

WM-Qualifikation Deutschland - Schweden
سویڈن نے زوردار کھیل سے میچ کا نقشہ بدل دیاتصویر: picture-alliance/dpa

دوسرے ہاف کے گیارہویں منٹ میں جرمنی کی جانب سے مِڈفیلڈر میسوت اُوزل نے چوتھا گول کیا اور اس کے بعد سویڈن کی ٹیم نے ہمت کی اور گول کرنے کے سلسلے کا آغاز کر دیا۔ مشہور سویڈش فارورڈ زلاتان ابراہیمووِچ (Zlatan Ibrahimović) نے میچ کے باسٹھویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ اس گول کے دو ہی منٹ بعد سویڈن کی جانب سے کارل مائیکل لُسٹِگ (Carl Mikael Lustig) نے دوسراگول کر دیا۔ اس فرق یعنی جرمنی چار اور سویڈن دو گول کے ساتھ میچ آگے بڑھتا رہا۔ دوسرے گول کے 14 منٹ بعد سویڈن کے ژوہان ایلمینڈر (Johan Elmander) نے ایک اور گول کر کے جرمن برتری کو مزید کم کر دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں سویڈن کی ٹیم میچ برابر کرنے میں کامیاب رہی۔ میچ برابر کر کے جرمن ٹیم نے دو قیمتی پوائنٹس ضائع کر دیے۔

ورلڈ کپ سن 2014 کے لیے یورپی زون سے کل 13 ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔ کل 53 ٹیمیں اس وقت کوالیفائنگ مرحلے میں شریک ہیں۔ ان ٹیموں کو نو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آٹھ گروپوں میں چھ چھ ٹیمیں ہیں اور گروپ آئی میں پانچ ٹیمیں ہیں۔ ہر گروپ کی ونر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ دوسرے مقام کی ٹاپ آٹھ ٹیموں کے درمیان دوبارہ میچ ہوں گے اور ان میں سے چار جیتنے والی ٹیمیں ورلڈ کپ کا حصہ بنیں گی۔

جرمن ٹیم گروپ سی میں ہے۔ اس گروپ کی دیگر ٹیموں میں جمہوریہ آئر لینڈ، سویڈن، آسٹریا، قزاقستان اور فارو جزائر ہیں۔ جرمنی نے جمہوریہ آئر لینڈ کو بارہ اکتوبر کو ڈبلن کے اویوا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایک گول کے مقابلے میں چھ گول سے ہرایا تھا۔ کوالیفائنگ مرحلے میں جرمنی کا اگلا میچ قزاقستان کے خلاف ہے اور یہ میچ اگلے سال 22 مارچ کے روز قازقستان کے شہر الماتے میں کھیلا جائے گا۔

 ah / ab (dpa)