1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ون ڈے سيريز چار۔ايک سے جنوبی افريقہ کے نام

عاصم سليم12 نومبر 2013

جنوبی افريقہ کی کرکٹ ٹيم نے پانچ بين الاقوامی ايک روزہ ميچوں کی سيريز ميں پير کے روز شارجہ ميں کھيلے جانے والے آخری ميچ ميں کاميابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو يہ سيريز چار۔ايک سے ہرا دی۔

https://p.dw.com/p/1AFeJ
تصویر: DW/T.Saeed

پاکستان اور جنوبی افريقہ کے مابين متحدہ عرب امارات ميں کھيلی جانے والی اس سيريز ميں جنوبی افريقہ کو ايک روزہ ميچوں ميں پہلے ہی سے تين ايک کی فيصلہ کن برتری حاصل تھی۔ شارجہ ميں کھيلے جانے والے سيريز کے آخری ميچ ميں جنوبی افريقہ کی ٹيم نے ٹاس جيت کر پہلے بيٹنگ کرنے کا فيصلہ کيا اور مقررہ پچاس اوورز ميں سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو اڑسٹھ رنز اسکور کيے۔ جنوبی افريقہ کی جانب سے نماياں بلے باز کپتان اے بی ڈویلئرز رہے، جنہوں نے ايک روزہ کرکٹ ميں اپنی 15ويں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 102 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ايک سو پندرہ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سےکامياب ترین بولر سعيد اجمل رہے، جنہوں نے دس اوورز ميں پينتاليس رنز دے کر تين کھلاڑيوں کو پويلين کا رخ دکھايا۔ جنيد خان نے دو اور محمد عرفان نے ايک کھلاڑی کو آؤٹ کيا۔

کپتان اے بی ڈویلئرز نے ايک سو پندرہ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی
کپتان اے بی ڈویلئرز نے ايک سو پندرہ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیتصویر: UNI

سيريز کا آخری ميچ جيتنے کے ليے پاکستان کو 269 رنز کا ہدف درکار تھا۔ تاہم پاکستان کی بيٹنگ کا آغاز کافی خراب رہا اور مخض آٹھ رنز کے اسکور پر پاکستان دو وکٹيں کھو چکا تھا۔ اس کے بعد بھی پاکستان وقفے وقفے سے وکٹيں کھوتا رہا اور پوری ٹيم صرف 35.3 اوورز ميں ايک سو اکاون رنز پر ڈھير ہوگئی۔ يوں پاکستان يہ ميچ ايک سو سترہ رنز سے ہار گيا۔ پاکستان کے سب سے کامياب بلے باز صہيب مقصود رہے، جنہوں اپنے پہلے ميچ کی طرح اس دوسرے ميچ ميں بھی نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ترپن رنز بنائے۔ جنوبی افريقہ کی جانب سے وين پارنل سب سے کامياب بولر رہے، انہوں نے تين وکٹيں حاصل کيں۔

ميچ کے بعد اختتامی تقريب ميں خطاب کرتے ہوئے جنوبی افريقہ کے کپتان ڈی ويليئرز کا کہنا تھا کہ رواں سال جولائی ميں سری لنکا کے ہاتھوں چار۔ايک سے شکست کے بعد يہ سيريز جيتنا اطمينان بخش رہا۔ انہوں نے اپنی ٹيم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹيم متحد ہو کر کھيلی۔

پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے مخالف ٹيم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جيت جنوبی افريقہ کے ہی نام ہونا چاہيے تھی۔ انہوں نے شکست کا ذمہ دار ناقص بيٹنگ کو قرار ديا۔

دونوں ٹیموں کے مابين اسی ہفتے بدھ اور جمعرات کے روز دبئی میں دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھيلے جائيں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کھيلی جانے والی ٹيسٹ سيريز ميں دونوں ٹيموں نے ايک ايک ميچ جيتا تھا۔