1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویزا فری انٹری کا دارومدار ترکی پر ہے، جرمن وزیر خارجہ

2 اگست 2016

جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے کہا ہے کہ ترکی کو یورپی یونین میں ویزے کے بغیر انٹری حاصل کرنے کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ گزشتہ روز ترکی نے کہا تھا کہ وہ مہاجرین سے متعلق معاہدہ منسوخ کر سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JaBb
تصویر: picture-alliance/dpa/Turkish President Press Office/H

منگل کے روز اشٹائن مائر نے ترکی کی اس دھمکی کو نظر انداز کیا جس میں ترک وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ اگر یورپی یونین اس کے شہریوں کو ویزے کے بغیر یورپی ممالک میں سفر کی اجازت نہیں دیتا تو وہ مہاجرین سے متعلق یورپی یونین کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے پر عمل درآمد روک دے گا۔

جرمن وزیر خارجہ نے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا، ’’ویزے سے استثناء کے لیے کچھ شرائط ہیں، اور فریقین اس بارے میں جانتے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ترکی نے معاہدے میں اس بات کی حامی بھری تھی کے وہ تمام شرائط پر عمل کرے گا۔ ایسا اب تک نہیں ہوا ہے، اور ترکی کو اس حوالے سے کام کرنا ہوگا۔‘‘

ترک وزیرخارجہ مولوت چاؤس آؤلو نے پیر کے روز کہا تھا کہ یورپی یونین نے مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے کے لیے جو معاہدہ کیا تھا، اس کی مکمل پاس داری کرے، ورنہ ترکی پر بھی اس پر عمل درآمد لازم نہ رہے گا۔

یورپی یونین اور ترکی کے درمیان رواں برس مارچ میں ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ترک ساحلوں سے بحیرہء ایجیئن کے راستے یونان پہنچنے والے مہاجرین کو روکنے کے عوض ترکی سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اس کے باشندوں کے لیے شینگن ممالک کے سفر کے لیے ویزے کی پابندی ختم کر دی جائے گی۔

اس معاہدے میں کہا گیا تھا کہ ترکی یونان جانے والے غیرقانونی تارکین وطن کو روکے، جب کہ یونان میں موجود مہاجرین کو واپس لے، جس کے بدلے میں ترکی کو تین ارب یورو کی امداد دی جائے گی، تاکہ وہ یہ سرمایہ اپنے ہاں موجود مہاجرین کی بہبود پر خرچ کر سکے۔

چاؤس آؤلو نے جرمن اخبار فرانکفُرٹر الگمائنے سے بات چیت میں کہا کہ اس معاہدے کے بعد انقرہ حکومت کی جانب سے ٹھوس اور سخت اقدامات اٹھائے گئے، جس کی وجہ سے بحیرہء ایجیئن کے ذریعے یورپی یونین جانے والے مہاجرین کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی، ’’مگر یہ پورا معاہدے ہمارے شہریوں کے لیے ویزے کی شرائط کے خاتمے سے نتھی ہے۔ 18 مارچ کے اس معاہدے کا یہ بھی حصہ تھا۔‘‘

پیر کے روز جرمن اخبار میں شائع ہونے والے اپنے انٹرویو میں آؤلو نے مزید کہا، ’’اگر ویزے کی پابندی ختم نہیں ہوتی، تو ہم بھی مجبور ہو جائے گے کہ مہاجرین کو واپس لینا بھی روک دیں اور 18 مارچ کی یہ ڈیل مکمل طور پر ختم ہو جائے۔‘‘

ان کا کہنا تھا، ’’ایسا اکتوبر کے شروع یا وسط تک ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں ہم ایک حتمی تاریخ کی بابت سوچ رہے ہیں۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید