ٹینس: ومبلڈن کے دفاعی چیمپیئن فارغ، خواتین سنگلز سیمی فائنلز آج
3 جولائی 2014ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں فیورٹ کھلاڑی تقریباً باہر ہو چکے ہیں۔ مردوں کے عالمی نمبر ایک رافائل ندال کے بعد اب دفاعی چیمپیئن اینڈی مرے کو بھی شکست کا سامنا رہا۔ اِس سے قبل خواتین سنگلز میں عالمی نمبر ایک امریکی اسٹار سیرینا ولیمز، روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا، چینی پلیئر لی نا، پولستانی ہونہار کھلاڑی راڈاوانسکا سمیت چند اور کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر چکی ہیں۔ خواتین میں اب رومانیہ کی سیمونے ہالیپ سب سے زیادہ رینکنگ والی خاتون ابھی بھی موجود ہیں۔ مردوں میں راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ بھی اپنے اپنے میچ جیت کر سیمی فائنل کے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔
بلغاریہ کے 23 سالہ گریگور دیمتروف عالمی درجہ بندی میں گیارہویں پوزیشن کے حامل ہیں لیکن وہ اپنی زور دار سروس کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ شکست خوردہ دفاعی چیمپئن اینڈی مرے کو انہوں نے تین سیٹ میں ہرایا۔ مرے نے اعتراف کیا کہ میچ کی شروعات سے ہی وہ جم کر کھیل پیش کرنے سے قاصر رہے اور اوّل تا آخر دیمتروف نے اُن سے بہتر کھیل پیش کیا۔ بلغاریہ کے کھیلاڑی نے اِس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ عالمی نمبر ایک کی پوزیشن حاصل کرنے کی تمنا رکھتے ہیں۔
خواتین کی سنگلز چیمپیئن شپ کے لیے فائنل میچ پرسوں یعنی ہفتے کو کھیلا جائے گا اور اُس کے سیمی فائنل میچز کا انعقاد آج جمعرات کو ہو رہا ہے۔ ایک میچ میں رواں برس کے فرنچ اوپن کی رنر اپ سیمونے ہالیپ کو کینیڈا کی نوجوان اور ہونہار کھلاڑی یوجین بُوچارڈ کا سامنا ہے۔ ہالیپ نے گزشتہ برس ومبلڈن میں خواتین سنگلز کا فائنل کھیلنے والی جرمن ٹینس پلیئر زابینے لیزیکی کو ہرایا اور کینیڈین کھلاڑی یُوجین بُوچارڈ نے ایک اور جرمن خاتون کھلاڑی انگلیکے کیربر کو شکست دی۔ انگلیکے کیربر نے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔ دوسرے سییمی فائنل میچ میں دونوں خواتین کا تعلق چیک جمہوریہ سے ہے اور یہ پیٹرا کویٹووا اور لُوسی شافاروا ہیں۔ پیٹرا کویٹووا سن 2011 میں ومبلڈن کی ویمن چیمپئن شپ جیت چکی ہیں۔
مردوں کے سیمی فائنل مرحلے کی لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔ یہ سیمی فائنل میچز جمعے اور ہفتے کے روز کھیلیں جائیں گے۔ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کو ہرانے والے گریگور دیمتروف کا سامنا اب سابق عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ سے ہے۔ جوکووچ نے کوارٹر فائنل میں کروشیا کے مارین چِلچ کو پانچ سیٹ کے میچ میں ہرایا تھا۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں سترہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے راجر فیڈرر کو کینیڈا کے نوجوان کھلاڑی مِلوش راؤنِچ (Milos Raonic) کا سامنا ہے۔ کوارٹر فائنل میں راؤنِچ نے رافائل ندال کو ہرانے والے ٹین ایجر آسٹریلوی کھلاڑی نِک کائگراس کو مات دی تھی۔