1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: سری لنکا چیمپئن

عابد حسین7 اپریل 2014

بنگلہ دیش میں کھیلا جانے والا کرکٹ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنی منزل کو پہنچ گیا۔ یہ ورلڈ کپ سری لنکن ٹیم نے بھارت کو ہرا کر جیت لیا۔ کمار سنگاکارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/1Bcx6
تصویر: Reuters

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان لاسیتھ مَلنگا نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ مطلع قدرے ابرآلُود تھا اور مَلنگا کا یہ فیصلہ انجام کار درست ثابت ہوا۔ بھارتی ٹیم کے بیٹسمینوں کو اننگز کو استوار کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ سری لنکن بالروں نے سازگار ماحول میں انتہائی نپی تلی گیند بازی کا مظاہرہ کیا۔ ویراٹ کوہلی واحد ایک بھارتی بیٹسمین تھے جو کریز پر رہتے ہوئی اپنی ٹیم کا اسکور بڑھاتے رہے۔ ٹار گٹ کے حصول میں سری لنکا کے بیٹسمینوں نے انتہائی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے ہدف کو اٹھاہویں اوور میں حاصل کر لیا۔

Flash-Galerie Cricket WM 2011 Kumar Sangakkara
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کمار سنگا کاراتصویر: AP

بھارتی کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 130 رنز بنائے اور اِس دوران اُس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ اس اسکور میں ویراٹ کوہلی کے شاندار 77 رنز شامل ہیں۔ وہ اپنی ٹیم کی اننگز کی آخری بال پر آؤٹ ہوئے۔ بھارتی ٹیم آخری چار اوورز میں بڑا اسکور کرنے سے قاصر رہی۔ ان اوورز میں وہ صرف 19 رنز بنا سکی اور کوہلی 24 گیندوں میں سے نو کھیل سکے۔ یووراج سنگھ اور کپتان مہندر سنگھ دھونی کو سری لنکن بالروں نے ایک طرح سے باندھ کر رکھ دیا تھا اور وہ بڑے شارٹس لگانے سے قاصر رہے۔

ٹارگٹ کے حصول میں سری لنکن بیٹسمینوں نے ابتداء ہی سے مثبت سوچ کے ساتھ کھیل جاری رکھا۔ جب 78 کے اسکور پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تو ایسا محسوس ہونے لگا کہ ایک بار پھر سری لنکن ٹیم فائنل میچ میں اپنی منزل تک پہنچنے سے کہیں دور نہ رہ جائے۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں کمار سنگاکارا اور تھیسارا پریرا نے نصف سینچری سے زائد کی وِنِنگ پارٹنر شپ قائم کی۔ پریرا نے بھارتی بالر ایشوِن کو اٹھارہویں اوور میں چھکا لگا کر ورلڈ کپ جیت لیا۔ سنگاکارا نے 35 گیندوں پر 52 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

Indischer Cricketspieler Mahendra Singh Dhoni
بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی ورلڈ کپ جیتنے میں ناکام رہےتصویر: AP

سری لنکن ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر اوریجنل میچوں کی مکمل فیس سمیت 1.5 ملین ڈالر بطور انعام دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے اس کا فیصلہ اتوار کے روز طلب کی گئی ہنگامی میٹنگ میں کیا تھا۔ میچ جیتنے کے بعد صدر مہندا راج پکشے نے اپنی ٹیم کو مبارک باد کا فون بھی کیا اور ہر کھلاڑی کے کھیل کی تعریف کی۔ یہ امر اہم ہے کہ سری لنکا گزشتہ چار فائنل مقابلوں میں شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔ اس جیت سے اُس نے فائنل میچ میں اپنی مسلسل شکست کے سلسلے کو بھی ختم کر دیا اور بھارتی ٹیم کرکٹ کے تین ورلڈ کپ ایک ساتھ جیتنے سے محروم رہی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میچ سری لنکن ٹیم کے دو بیٹسمینوں کے حوالے سے یادگار رہے گا۔ اس میچ کے ختم ہونے پر تجربہ کار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ وہ اس فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کا پہلے ہی اعلان کر چکے تھے۔ اپنے الوداعی میچ میں دونوں کھلاڑیوں کی پرفارمنس یادگار رہے گی۔ دونوں بیٹسمینوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں گیارہ ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں۔ جے وردھن نے ایک روزہ میچوں میں گیارہ ہزار سے زائد اور سنگاکارا نے بارہ ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید