1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی اسپنر عبدالرحمان ڈوپنگ کے مرتکب

3 اکتوبر 2012

پاکستانی اسپنر عبدالرحمان ڈوپنگ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان پر نہ صرف کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ان کو ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ اسکواڈ سے نکال دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/16JOr
تصویر: DW

پاکستان اسپنر عبدالرحمان ڈوپنگ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے بقول انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے انہیں مطلع کیا ہے کہ اگست میں عبدالرحمان کا ڈوپ ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ تاہم نتیجہ مثبت آنے پر رواں سال کے اختتام تک اُن پر کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ عبدالرحمان سمر سیٹ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ ممنوعہ ادویات کے استعمال کے بعد عبدالرحمان ٹی ٹوئنٹی چیمپیئنز لیگ میں سیالکوٹ کی بھی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ 9 اکتوبر سے جنوبی افریقہ میں شروع ہو رہا ہے۔

32 سالہ عبدالرحمان پاکستان کی جانب سے17 ٹیسٹ میچ اور 25 ایک روزہ میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں کل 81 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ایک پاکستانی ٹیلی وژن چینل سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’’ مجھے بالکل بھی علم نہیں ہے کہ کیا ہوا ہے۔ میں بالکل اندھیرے میں ہوں۔ میں دوائیں اور دیگر مرکبات استعمال نہیں کرتا‘‘۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Abdur Rehman
عبدالرحمان نے گزشتہ سال دبئی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھاتصویر: APImages

عبدالرحمان نے گزشتہ سال دبئی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے تین ٹیسٹ میچوں میں انیس وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پاکستان نے اس سیریز میں انگلینڈ کو تین صفر سے شکست دی تھی۔

پی سی بی کے ایک اہلکار نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستانی بورڈ نے اس سلسلے میں انگلش بورڈ سے مزید تفصیلات طلب کی ہیں تاکہ عبدالرحمان کے خلاف کارروائی میں آسانی ہو سکے۔ عالمی ڈوپنگ ایجنسی کے ایک اعلٰی عہدیدار نے بتایا کہ ڈوپنگ ایجنسی کے قوانین کے مطابق ڈوپنگ ٹیسٹ کا نتیجہ صرف کھلاڑی اور اس کے بورڈ کو ہی مہیا کیا جاتا ہے:’’جس وقت ڈوپنگ ٹیسٹ لیا گیا، اس وقت عبدالرحمان کاؤنٹی کھیل رہے تھے، اسی وجہ سے انگلش کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا گیا ہے‘‘۔

پی سی بی نے بتایا ہے کہ اس مسئلے پر جلد ہی عبدالرحمان کا موقف معلوم کیا جائے گا۔ اس سے قبل 2006 ء میں پاکستان بالرز شعیب اختر اور محمد آصف پر بھی ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کے جرم میں پابندی لگ چکی ہے۔

ai /aa ( Reuters)