1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بھی سرفراز احمد

4 جولائی 2017

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے بعد ملکی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان بھی سرفراز احمد کو بنا دیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے یہ اعلان آج منگل چار جولائی کو ایک تقریب کے دوران کیا۔

https://p.dw.com/p/2fuEG
Pakistan Karachi Sarfraz Ahmad
تصویر: Getty Images/AFP/R. Tabassum

پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے انگلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو اپنی سرکاری رہائش گاہ پر مدعو کیا تھا۔ اس دوران پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’میں اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ اعلان کرتا ہوں کہ ہماری ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بھی سرفراز احمد ہوں گے۔‘‘ ذرائع کے مطابق اس اعلان سے قبل ہی سرفراز احمد کو پی سی بی نے اپنے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔

Großbritannien Cardiff Cricket Pakistan captain Sarfraz Ahmed and Mohammad Amir left celebrate winning the ICC Champions Trophy
سرفراز 36 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیںتصویر: Imago/PA Images/J. Giddens

اپنی اس نئی ذمہ داری پر سرفراز احمد نے کہا، ’’ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میں پوری کوشش کروں گا کہ قومی ٹیم کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔‘‘ سرفراز کے بقول چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر ہی اکتفا نہیں کیا جائے گا اور کامیابیوں کا یہ سلسلہ اسی طرح سے جاری رہے گا۔

سرفراز احمد کو 2010ء میں ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ وہ اب تک 36 ٹیسٹ میچوں میں 40.98 کی اوسط سے 2089 رنز بنا چکے ہیں، جن میں تین سنچریاں اور تیرہ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

آج منگل کو پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف نے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو دس ملین روپے اور ٹیم انتظامیہ کے ہر رکن کو پانچ ملین روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ پہلے سے طے شد پروگرام کے مطابق پاکستانی ٹیم اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ یہ سیریز تیس سالہ سرفراز کے لیے بطور کپتان پہلا امتحان ثابت ہو گی۔