1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر

عابد حسین14 دسمبر 2013

سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 24 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز کو برابر کر دیا۔ اِس سیریز کا پہلا میچ پاکستانی ٹیم نے جیتا تھا۔

https://p.dw.com/p/1AZbv
تصویر: REUTERS

پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر سری لنکن ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پہلے میچ کی طرح کل کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم سری لنکن بیٹسمینوں کی جانب سے مسلسل اسکور میں اضافے کے سلسلے کو روکنے میں ناکام رہے۔ پاکستانی بالر مناسب انداز میں بالنگ کروانے میں ناکام رہے۔

سری لنکن ٹیم کے اوپننگ بیٹسمینوں پریرا اور دلشن نے بارہویں اوور میں ایک سو رنز کی شراکت قائم کی اور اُس کے بعد جو بھی سری لنکن کھلاڑی آیا، اُس نے اپنی ٹیم کے اسکور میں تیزی سے اضافہ کرنے کی کوشش کی اور وہ کامیاب رہا۔ پریرا نے سب سے زیادہ 84 اسکور کیا۔ مقررہ بیس اوورز میں سری لنکن ٹیم چار وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

Flash-Galerie Cricket Shahid Afridi
شاہد آفریدی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئےتصویر: AP

پاکستانی ٹیم نے مشکل ہدف کا تعاقب سست انداز میں شروع کیا اور تیسرے اوور میں احمد شہزاد آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان محمد حفیظ بھی لمبی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور وہ صرف سات رنز بنا سکے۔ صہیب مقصود اور شرجیل خان نے پاکستانی ٹیم کی لڑکھڑاتی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن جب اسکور 62 ہوا تو صہیب مقصود بھی 15 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ شرجیل اور صہیب کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت 35 رنز کی رہی۔ شرجیل خان نے 25 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

بعد میں پاکستان کے تین اہم کھلاڑی بغیر کسی اسکور کے آؤٹ ہوئے۔ صفر کے اسکور پر آؤٹ ہونے والوں میں عمر اکمل، عمر امین اور بلاول بھٹی شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی 121 اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ شاہد آفریدی 28 رنز بنا سکے بعد میں سہیل تنویر اور سعید اجمل کے درمیان 63 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور اِسی کے سبب پاکستانی ٹیم قدرے بہتر اسکور تک پہنچ پائی۔ سہیل تنویر 43 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ساری پاکستانی ٹیم بیسویں اوور میں 187 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔

Kumar Sangakara
سری لنکا ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں ٹاپ ٹیم ہےتصویر: AP

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں اِس وقت سری لنکا کی ٹیم پہلے مقام پر ہے اور پاکستانی ٹیم کو چوتھی پوزیشن حاصل ہے۔ اگر سری لنکا کی ٹیم دوسرا میچ ہار جاتی تو وہ پہلی پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھتی اور پہلے پوزیشن پر پاکستانی ٹیم آن پہنچتی مگر ایسا نہیں ہو سکا۔

متحدہ عرب ریاست میں دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا بہترین کھلاڑی سری لنکا کے اوپننگ بیٹسمین پریرا کو قرار دیا گیا۔ اِس سیریز کا بہترین کھلاڑی شاہد آفریدی قرار پائے۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اِسی بدھ کے روز شارجہ میں کھیلا جائے گا۔