پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی برابر
6 دسمبر 2014پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی طرح ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی برابر رہی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ پاکستانی ٹیم نے جیتا تو اگلے میچ میں نیوزی لینڈ کو فتح حاصل ہوئی۔ پاکستانی ٹیم مجموعی طور پر ایک آسان میچ سترہ رنز سے ہار گئی۔ میچ چیتنے کے لیے پاکستانی ٹیم کو 145 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا تھا لیکن ساری ٹیم 127 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم ٹارگٹ کے حصول میں لڑکھڑا ضرور گئی تھی لیکن ایک مرتبہ امید بندھی کہ شاید پاکستان میچ جیت جائے اور اُس وقت شاہد آفریدی کھیل رہے تھے۔ اپنی اننگز کی بارہویں گیند پر شاہد آفریدی کے آؤٹ ہوئے کہ میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔ شاہد آفریدی نے گیارہ گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ اُن کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کو کائل مِلز نے ٹھہرنے نہیں دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مِلز اورجیمز نیشم نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں زخمی ہونے والے احمد شہزاد 33 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے لیکن مجموعی طور پر وہ خاصا سُست کھیلے۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی نیوزی لینڈ کے کپتان کو ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنا پڑی۔ بیس اوورز میں بلیک کیپس کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 144 اسکور کر سکی۔ اِس میں کپتان کین ولیمسن نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین لوک رونچی نے 19 گیندوں پر 31 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو ایک بہتر پوزیشن میں پہنچایا۔ آٹھ ماہ بعد انجری سے نِجات پا کر عُمر گل نے اس میچ میں عمدہ پرفارمنس دی۔ انہوں نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
میچ کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹیم نے دوسرے میچ کے لیے بھرپور حکمت عملی مرتب کی تھی اور اُس پر عمل پیرا ہو کر وہ میچ جیتنے میں کامیاب رہے اور سیریز کو بھی برابر رکھ پائے۔ ولیمسن ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ سات وکٹوں سے ہار گئے تھے۔ میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کے حصول میں دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہو جانے کے بعد اگلے کھلاڑیوں نے کئی گیندوں کو بس کھیلا اور اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش نہیں کی۔
اب دونوں ٹیمیں پانچ ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سیریز شروع کریں گی۔ پہلا میچ پیر آٹھ دسمبرکے روز کھیلا جائے گا۔