1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں امریکی میڈیا سے وابستہ مقامی صحافی کا قتل

18 جنوری 2012

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک امریکی ریڈیو سے منسلک مقامی صحافی مکرم خان عاطف کو قتل کر دیا گیا ہے۔ طالبان نے ان کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

https://p.dw.com/p/13l9M
--- 2011_12_23_pakistan_belutschistan
تصویر: DW

پولیس کے مطابق وائس آف امریکہ (وی او اے) کی پشتو سروس سے منسلک تینتالیس سالہ مکرم خان عاطف پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ گھر کے قریب مسجد میں نماز ادا کر رہے تھے۔ یہ واقعہ پشاور سے تیس کلومیٹر شمال میں واقع شبقدر نامی ٹاؤن میں پیش آیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طالبان نے ایک ٹیلی فون کال کے ذریعے ان کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دیگر صحافیوں کو بھی اسی طرح کے نتائج کی دھمکی دی ہے۔

طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کا کہنا ہے کہ عاطف کو اس لیے قتل کیا گیا کیونکہ وہ پاکستانی فوج اور امریکہ کے لیے کام کر رہے تھے۔ انہوں نے نامعلوم مقام سے اے ایف پی سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا: ’’ہم نے انہیں بارہا خبردار کیا تھا کہ ان کے لیے کام نہ کریں، لیکن انہوں نے ہمارا مطالبہ نہیں مانا۔ بہت سے دوسرے صحافی بھی اب نشانے پر ہیں۔‘‘

مقامی پولیس اہلکار ظاہر شاہ کا کہنا ہے: ’’دو حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے، انہوں نے مسجد میں موجود عاطف پر گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے۔ ان کے سر میں گولی لگی۔‘‘

ضلعی پولیس سربراہ نثار خان مروت نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا: ’’عاطف کے سر میں گولی لگی اور انہیں پشاور کے ایک ہسپتال میں پہنچایا گیا۔ پیش امام بھی زخمی ہوئے ہیں۔‘‘

پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے سینئر ڈاکٹر رحیم جان نے بتایا کہ عاطف اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

وائس آف امریکہ نے عاطف کی ہلاکت کی مذمت کی ہے اور مقامی حکام پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کریں۔

وائس آف امریکہ کے مطابق عاطف 2006ء سے اس کے دیوا ریڈیو سے وابستہ تھے۔ وی او اے کے ڈائریکٹر ڈیوڈ اینسور کا کہنا ہے: ’’عاطف نے ایک اہم خطے سے اپنے سامعین کو شفاف اور متوازن خبریں دینے کے لیے ہر روز اپنی جان کو خطرے میں ڈالا۔ ہم اپنے ساتھی کی موت پر غمزدہ ہیں۔‘‘

رپورٹ: ندیم گِل / اے ایف پی

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں