1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کا امارات میں ٹونٹی ٹونٹی لیگ کرانے کا اعلان

طارق سعید، لاہور13 جون 2015

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کی طرز پر متحدہ عرب امارات میں اگلے برس ٹونٹی ٹونٹی لیگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق کسی آرگنائزنگ کمپنی کو ٹھیکے پر دینے کی بجائے پاکستان کرکٹ بورڈ اس کا انعقاد خود کرے گا۔

https://p.dw.com/p/1Fgmn
تصویر: DW/T. Saeed

ٹونٹی ٹونٹی لیگ کے انعقاد کی منظوری آج سنیچر 13 جون کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں ہونے والے اپنے گورننگ بورڈ کے اہم اجلاس میں دی جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی شہریار محمد خان نے کی۔ شہریار خان کے مطابق پی سی بی لیگ کا پہلا ایڈیشن خلیج میں ہوگا جس کا مقصد ٹورنامنٹ میں غیر ملکی کرکٹرز کی زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کو یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان پاکستان کرکٹ بورڈ ماضِی میں دو بار پاکستان سپر لیگ (PSL) کرانے کا اعلان کر کے اسے منسوخ کر چکا ہے اور اس کی بڑی وجہ ملک میں سیکورٹی کی غیر یقینی صورتحال ہے۔ تاہم اس بار پی سی بی نے مشاورت کے لیے کھیلوں کی ایک مقبول غیر ملکی فرم ریپوکوم کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ریپوکوم دنیا بھرمیں ہونے والے فٹبال، ٹینس اور بیس بال مقابلوں میں معروف کنسلٹنٹ فرم کے طور پر شناخت رکھتی ہے۔ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے لیے تاریخوں کا اعلان نہیں کیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ اگلے برس فروری میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے فوراﹰ بعد ہوگا ۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی ٹونٹی ٹونٹی لیگ میں میں کراچی اور لاہور سمیت پانچ بڑے شہروں کی فرنچائز ٹیمیں شریک ہوں گی جو فائنل سے قبل ڈبل راؤنڈ کی بنیاد پر ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے انعقاد کے لیے جن دنوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے اس سے حصہ لینے والے پاکستانی اور غیر ملکی کرکٹرز کو 2016ء میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی کی بھی تیاری کا اچھا موقع ملے گا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی 2016ء کی میزبانی بھارت کوکرنا ہے جو 11 مارچ کو شروع ہو کر تین اپریل تک جاری رہے گا۔

گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی شہریار محمد خان نے کی
گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی شہریار محمد خان نے کیتصویر: DW

پی سی بی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گورننگ بورڈ نے اپنے اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک بین اقوامی پیشہ ور لیڈ منیجر کی خدمات حاصل کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ اجلاس میں پی سی بی حکام نے زمبابوے کے سیریز کی کامیابی پر ملک کی سیکورٹی اینجنسیوں کے اقدامات کو بھی سراہا۔

متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کرانے کا فیصلہ تاہم حیران کن ہے کیونکہ ایک طرف پاکستان کرکٹ بورڈ زمبابوے کے دورہ پاکستان کو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک بڑا قدم قرار دے رہا ہے اوردوسری طرف اپنا ڈومیسٹک ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ دیارغیرمیں کرانے پرکمربستہ ہے۔

اجلاس میں پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے پاکستان کی فرسودہ ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام میں تبدیلی کا بھی منصوبہ پیش کیا جسے پی سی بی گورننگ بورڈ نے منطور کرلیا۔ ڈی ڈبلیو کو ملنے والی اطلاع کے مطابق آئندہ پاکستانی ڈومیسٹک سیزن میں فرسٹ کلاس ٹیموں کی تعداد 26 سے کم کر کے 16 کر دی گئی ہے۔ نئے سیزن میں تجارتی اداروں اور ریجنز کی آٹھ اٹھ ٹیمیں ہی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل سکیں گی۔