1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کو کيوی ٹيم کے ہاتھوں بڑی شکست، ٹيسٹ سيريز برابر

عاصم سليم30 نومبر 2014

پاکستان اور نيوزی لينڈ کے مابين شارجہ ميں کھيلے جانے والے تيسرے اور آخری ٹيسٹ ميچ ميں کيوی ٹيم نے پاکستان کو ايک اننگز اور 80 رنز سے شکست ديتے ہوئے تين ٹيسٹ ميچوں کی سيريز ايک ايک سے برابر کر ڈالی۔

https://p.dw.com/p/1DxHx
تصویر: Getty Images

متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ ميں پاکستان اور نيوزی لينڈ کے درميان کھيلے جانے والے تيسرے اور آخری ٹيسٹ ميچ کے چوتھے دن کا آغاز کيوی ٹيم نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 637 رنز سے کيا۔ بعد ازاں کيوی ٹيم 143 اوورز اور ايک گيند کھيلنے کے بعد 690 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی، جو ٹيسٹ کرکٹ ميں ان کا سب سے زيادہ اسکور ہے۔ نيوزی لينڈ کو پہلی ہی اننگز ميں اتنے بڑے اسکور تک پہنچانے ميں برينڈن مککلم اور کين وليمسن نے نماياں کردار ادا کيا۔ مککلم نے 202 جبکہ وليمسن نے 192 رنز بنائے۔

آسٹريلوی کھلاڑی فلپ ہيوز کی ہلاکت کے سبب ايک دن کا کھيل ملتوی کر ديا گيا تھا
آسٹريلوی کھلاڑی فلپ ہيوز کی ہلاکت کے سبب ايک دن کا کھيل ملتوی کر ديا گيا تھاتصویر: Getty Images/M. Metcalfe

جواب ميں پاکستانی ٹيم اپنی دوسری اننگز ميں 259 کے مجموعی اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی اور يوں اسے ايک اننگز اور اسّی رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے ليے دوسری اننگز کے سب سے نماياں کھلاڑی اسد شفيق رہے، جنہوں نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھيلی۔ کيوی ٹيم کے ليے ٹرينٹ بولٹ نے اڑتيس رنز کے عوض چار جبکہ  مارک کريگ نے ايک سو نو رنز کے عوض تين پاکستانی کھلاڑيوں کو پويلين واپس بھيجا۔ پاکستان ٹيم نے ٹاس جيت کر پہلے بيٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز ميں 351 رنز بنائے تھے، جن ميں محمد حفيظ کے 197 رنز بھی شامل تھے۔

شارجہ ٹيسٹ ميں نيوزی لينڈ کی فتح کے ساتھ دونوں ٹيموں کے درميان تين ٹيسٹ ميچوں کی سيريز ايک ايک سے برابر ہو گئی ہے۔ ابو ظہبی ميں کھيلے گئے پہلے ٹيسٹ ميچ کا فيصلہ 248 رنز سے پاکستان کے حق ميں رہا تھا جبکہ دوسرا ٹيسٹ ڈرا ہو گيا تھا۔

تيس نومبر کو ختم ہونے والے تيسرے اور آخری ٹيسٹ ميں بہترین کھلاڑی يا ’مين آف دا ميچ‘ کا اعزاز کيوی ٹيم کے باؤلر مارک کريگ کو ديا گيا، جنہوں نے پہلی اننگز ميں سات جبکہ دوسری اننگز ميں تين کھلاڑيوں کو آؤٹ کيا۔ ’مين آف دا سيريز‘ يا سيريز کے بہترین کھلاڑی پاکستان کے محمد حفيظ قرار پائے۔

پاکستان اور نيوزی لينڈ کی ٹيميں اب ايک دوسرے کے خلاف دو ’ٹی ٹوئنٹی‘ اور پانچ بين الاقوامی ايک روزہ ميچوں کی سيريز ميں زور آزمائی کريں گی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی چار جبکہ دوسرا پانچ دسمبر کو دبئی کرکٹ اسٹيڈيم ميں کھيلا جائے گا۔ بعد ازاں ون ڈے ميچز آٹھ، بارہ، چودہ، ستّرہ اور انيس دسمبر کو کھيلے جائيں گے۔