1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز برابر

29 دسمبر 2012

بھارتی کرکٹ ٹیم نے احمد آباد میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم کو ہرا کر دو میچوں کی سیریز کو برابر کر دیا۔ محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

https://p.dw.com/p/17AxG
تصویر: AP

احمد آباد کے نواحی علاقے موٹیرا میں واقع سردار پٹیل اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعے کی شام کھیلا گیا۔ ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے میچ کی طرح فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ بظاہر یہ کوئی بہتر فیصلہ ثابت نہ ہو سکا کیونکہ پچ پوری طرح بیٹنگ کے لیے سازگار تھی۔

بھارتی ٹیم کے شروع کے تمام بیٹسمین اسکور کرتے چلے گئے۔ اس دوران یُووراج سنگھ نے دھواں دھار اننگز کھیلی۔ انہوں نے سات چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کیے۔ مقررہ بیس اوورز میں بھارتی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے جو ہر طرح سے ایک محفوظ اسکور خیال کیا گیا۔

Cricket Twenty20 World Cup 2012 Pakistan Neuseeland
پاکستانی ٹیم کی مجموعی کارکردگی بہتر رہیتصویر: Reuters

بھارتی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں گوتم گمبھیر نے 21، اجنیاکی راہانی نے 28، ویرات کوہلی نے 27 اور کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 33 رنز بنائے۔ بھارت کے خلاف پاکستان کے تمام بولر کوئی متاثر کن کارکردگی دکھانے سے قاصر رہے۔ بھارتی بیٹسمینوں نے تمام پاکستانی بولروں کو اطمینان سے کھیلا۔ صرف عمر گل چار کھلاڑی آؤٹ کر سکے لیکن ان کو یہ وکٹیں 37 رنز کے عوض ملیں۔ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بہتر بولنگ کرانے والے سعید اجمل کو بھی چار اوورز میں 42 رنز دینا پڑے۔

پاکستانی ٹیم جواب میں بیس اوورز میں 181 رنز بنا سکی اور اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ میچ جیتنے کے ہدف تک پہنچنے کے لیے پاکستانی بیٹسمینوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی گو وہ میچ نہ جیت سکے۔ افتتاحی بیٹسمینوں ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے 74 رنز کی شراکت قائم کی۔ ناصر جمشید دسویں اوور میں 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد نے 31 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے 24 اور کپتان محمد حفیظ نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ 55 کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

Indien Bangalore Cricket WM
احمد آباد میچ کے بہترین کھلاڑی یووراج سنگھ قرار پائے تھےتصویر: UNI

پاکستانی بیٹسمین بھارت کے بڑے اسکور کے قریب پہنچ کر میچ ہارے۔ اس لحاظ سے یہ پاکستانی کھلاڑیوں کی بہتر کوشش تھی۔ آخری دو اووروں میں پاکستانی ٹیم کو 26 رنز درکار تھے۔ پہلے محمد حفیظ آؤٹ ہوئے اور پھر کامران اکمل کی وکٹ گر گئی۔ ان دونوں کو اٹھارہویں اوور میں اشوک ڈینڈا نے آؤٹ کیا اور یہی اوور پاکستانی ٹیم کی شکست کا باعث بنا۔

پہلے میچ میں جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے شعیب ملک کو احمد آباد کے میچ میں بہت نیچے کھیلنے کے لیے بھیجا گیا جو ایک اہم غلطی ثابت ہوا۔ اگر عمر اکمل کی جگہ وہ بیٹنگ کے لیے بھیجے جاتے تو احمد آباد کی بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر وہ ایک اہم کردار ادا کر سکتے تھے۔ عبدالرزاق کی طرح شعیب ملک ایک مضبوط اسٹروک لگانے والے بیٹسمین خیال کیے جاتے ہیں۔

محمد حفیظ کو دونوں میچوں میں نصف سینچریاں اسکور کرنے پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کا بہترین کھلاڑی یُووراج سنگھ کو قرار دیا گیا۔

تیس دسمبر سے پاکستانی اور بھارتی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز شروع ہو گی۔ ایک روزہ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے۔ یہ میچ چنئی، کولکتہ اور نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے۔

ah / mm (PTI)