پاک بھارت کرکٹ میچ: مارک سوکربرگ بھی ’بولڈ‘ ہو گئے
18 مارچ 2016پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں جب کھیل کے میدان میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آتی ہیں تو دونوں ممالک کے عوام کا جذبہ حب الوطنی انتہا کو پہنچ جاتا ہے۔ بالخصوص جب بات ہو کرکٹ کی تو یہ معاملہ اور بھی شدید ہو جاتا ہے۔ تاہم اس مرتبہ صورت حال کچھ مختلف بھی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے ہزاروں مداحوں نے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے اس میچ سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر کچھ اور ہی پیغام دیا ہے۔
بہت سے پاکستانیوں نے اپنی پروفائل پکچر کو تبدیل کرتے ہوئے ’ٹیم انڈیا‘ کو سپورٹ کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ دوسری طرف ہزاروں بھارتیوں نے بھی اپنی فیورٹ ٹیم کے طور پر پاکستان کو چنا ہے۔ فیس پک پر ’پروفائل فار پیس‘ ٹرینڈ کر رہا ہے اور دونوں حریف ممالک کے عوام اس میچ کو ’امن‘ کا پیغام قرار دے رہے ہیں۔
فیس بک پر یہ رحجان اتنا زیادہ ہے کہ سماجی رابطوں کو اس ویب سائٹ کے سربراہ مارک زکر برگ نے بھی کہہ دیا ہے کہ وہ اس پیشرفت پر ’بولڈ‘ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے فیس بک پیغام میں لکھا، ’’پاکستان اور بھارت کے حوالے سے فی الحال انتہائی دلچسپ رحجان دیکھنے کو مل رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہزاروں انڈین کرکٹ فینز اپنی پروفائل پکچر پر پاکستانی فریم لگا رہے ہیں جبکہ پاکستان میں بھی ایسا ہی رحجان دیکھا جا رہا ہے، جس میں وہ بھارت کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
ایسے پاکستانیوں اور بھارتیوں، جنہوں نے اپنی پروفائل پکچر میں اپنے حریف ممالک کی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کا قدم اٹھایا ہے، کا کہنا ہے کہ وہ امن چاہتے ہیں۔ ممبئی کے رہائشی رام سبرامنیم نے بھی اپنی پروفائل پکچر میں پاکستانی پرچم کے رنگوں کا انتخاب کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ انہیں پاکستان سے نفرت نہیں بلکہ وہ دونوں ممالک کے مابین دوستی کے خواہاں ہیں۔
اسی طرح لاہور کے وکیل احسان اللہ شاہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی فیس بک پروفائل پکچر کو بھارتی رنگوں سے اس لیے سجایا ہے کیونکہ وہ امن چاہتے ہیں۔ شاہ نے بھی کہا ہے کہ کھیل سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ہفتے کے دن بھارتی شہر کلکتہ میں ہونے والے اس میچ سے قبل معروف پاکستانی کلاسیکل سنگر شفقت امانت علی خان پاکستان کا قومی ترانہ پیش کریں گے جبکہ دوسری طرف بالی ووڈ کے ’شہنشاہ‘ امتیابھ بچن بھارتی قومی ترانہ۔
کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس میچ میں بھارت پر دباؤ زیادہ ہو گا کیونکہ ایک تو یہ کہ وہ اپنا پہلا میچ ہار چکا ہے جبکہ اسے اپنے ہوم گراؤنڈ پر شائقین کا پریشر بھی ہو گا۔ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور ’کنگ آف سونگ‘ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ یہ ایک شاندار میچ ہو گا۔ یہ امر اہم ہے کہ آئی سی سی کے زیر انتظام عالمی کپ مقابلوں میں ابھی تک پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت کو شکست نہیں دے سکا ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستانی ٹیم کلکتہ میں ابھی تک انڈیا سے نہیں ہاری ہے۔