پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی، سرفراز احمد پھر چھا گئے
5 دسمبر 2014دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کے سلسلے میں دبئی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں وکٹ کیپر بیٹسمن سرفراز احمد نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ وہ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک لمبے عرصے تک کھیلنے کے اہل ہیں۔ انہیں اس بہترین کارکردگی کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
اس میچ میں پاکستانی کپتان شاہد خان آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی، جس کے جواب میں پاکستان نے یہ ہدف 19.1 اوورز میں 140 رنز بنا کر اس سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔
اپنے کیئریر کے پانچویں ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں ستائیس سالہ سرفراز احمد پہلی مرتبہ اوپنر کے طور پر میدان میں اترے اور جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا۔ انہوں نے دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 64 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔ سرفراز نے اویس ضیاء کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کی شراکت میں اکاون رنز بنائے جبکہ عمر اکمل کے ساتھ کھیلتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 43 رنز سمیٹے۔ اس میچ میں عمر اکمل ستائیس کے انفرادی اسکور پر ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
اویس ضاء بیس اور ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے محمد حفیظ صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ چوتھے نمبر کے بلے باز حارث سہیل گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کے ابتدائی تین کھلاڑیوں جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ تاہم بعد ازاں گُپٹِل، کورے اینڈریسن اور وکٹ کیپر بلے باز لوک رونچی نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ ان تینوں نے بالتریب بتیس، اڑتالیس اور 33 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے کامیاب بولروں میں محمد عرفان اور سہیل تنویر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ انور علی، رضا حسن اور شاہد آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سیریز کے سلسلے میں دوسرا اور آخری میچ آج بروز جمعہ دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی تھی۔ نیوزی لینڈ اپنے اس دورے کے دوران پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچ بھی کھیلے گا۔