پہلے ٹی ٹوئنٹی ميں پاکستان سرخرو
27 ستمبر 2015ہرارے اسپورٹس کلب ميں پاکستان نے ٹاس جيت کر پہلے بيٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بيس اوورز ميں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ مہمان ٹيم کی جانب سے سب سے نماياں کارکردگی شعيب ملک کی رہی، جنہوں نے ايک چھکے اور دو چوکوں کب مدد سے چوبيس گيندوں پر پينتيس رنز اسکور کيے۔ محمد رضوان تينتيس کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے اپنی اننگز ميں 6.80 رنز فی اوور کی اوسط سے رنز بنائے۔ ميزبان ٹيم کے ليے سب سے کامياب بالر CJ Chibhabha رہے، جنہوں نے تين کھلاڑيوں کو پويلين کا رخ دکھايا۔
جواب ميں زمبابوے کی ٹيم نے بھرپور مقابلہ کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بيس اوورز ميں نو وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا سکی اور يوں صرف تيرہ رنز سے يہ ميچ ہار گئی۔ زمبابوے کی طرف سے E. Chigumbura نے اکتيس جبکہ اوپنر H Masakadza نے پچيس رنز اسکور کيے۔ پاکستان کی طرف سے سب سے کامياب بالر عماد وسيم رہے جنہوں نے چار کھلاڑيوں کو آؤٹ کيا۔ سہيل تنوير اور وہاب رياض نے ايک ايک وکٹ لی۔
اس کاميابی کے نتيجے ميں دو ٹی ٹوئنٹی ميچوں کی سيريز ميں پاکستان نے ايک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ اگلا ٹی ٹوئنٹی ميچ منگل انتيس ستمبر کے روز کھيلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی کے بعد پاکستان اور زمبابوے کے مابين تين ايک روزہ بين الاقوامی ميچز بھی کھيلے جائيں گے۔