1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی ایس ایل گرینڈ فائنل: اسلام آباد کیخلاف کوئٹہ فیورٹ

طارق سعید، دبئی23 فروری 2016

پاکستان سپر لیگ کے پہلے ٹائٹل کےلیے اسلام آباد یوناییٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان آج فائنل میچ ہو گا۔ یہ فائنل میچ آج منگل کی شام دُبئی میں کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1I0Qj
تصویر: Tariq Saeed

اوپنرشرجیل خان کی طوفانی سینچری کے ذریعے اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط اور پرکشش ٹیم پشاور زلمی کے پلے آف میں دانت کھٹے کرکے فائنل قدم رکھا ہے۔ یہ مصباح الحق کی قیادت میں یونائیٹڈ کی متواتر چوتھی کامیابی تھی لیکن پہلے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دونوں میچوں میں اسلام آباد کو بالترتیب آٹھ اور سات وکٹوں سے ہرایا تھا اس لیے ایک لاکھ امریکی ڈالر کی مالیت کے اس فائنل میں کوئٹہ کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ ہمیشہ سے لاہور اور کراچی کے گرد گھومتی رہی ہے۔ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ بولی بھی انہی دونوں ٹیموں کی پچاس لاکھ ڈالر لگی تھی تاہم غیر پیشہ ورانہ انداز میں کھیلنے اور کھلائے جانے والی یہ ٹیمیں سب سے پہلے وطن سدھار چکی ہیں۔

کوئٹہ پی ایس ایل کی سب سے سستی فرنچایز تھی جسے کراچی کے ایک تاجر ندیم عمر نے خریدا۔ اس ٹیم میں سنگاکارا کی آمد سے پہلے صرف ایک بڑا نام کیون پیٹرسن شامل تھا لیکن ٹورنامنٹ کی افتتاحی شام چار فروری کو سرفراز احمد کی قیادت میں اس ٹیم نے یونائیٹڈ کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کرنے میں دیر نہیں لگائی۔ آل راونڈر محمد نواز اسی ٹیم میں شامل ہیں جو اب تک سب سے زیادہ تین بار مین آف دی میچ کا اعزاز پا چکے ہیں۔ فائنل سے پہلے کوئٹہ کو لوک رائٹ اور بسم اللہ خان میں سے کسی ایک کو کھلانے کا فیصلہ کرنا ہے۔

گلیڈی ایٹر کا پیس اٹیک پہلے پلے آف کے فیصلہ کن اوور میں آٹھ رنز کا دفاع کرنے والے فاسٹ باولر اعزاز چیمہ اور انورعلی پر مشتمل ہوگا۔ نیوزی لینڈ سے آنیوالے گرانٹ ایلیٹ کی باولنگ مخالفین کےلیے سب سے بڑا درد سر ہے۔ ایلیٹ نے شارجہ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف تین کھلاڑی آوٹ کیے تھے۔

دوسری طرف اسلام آباد یونائیٹڈ نے سست روی سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ شین واٹسن اور بابراعظم جیسے کھلاڑی ان فٹ ہوکر باہر ہوگئے اور یہ ٹیم پہلے مرحلے میں لاہور اور کراچی کو ہی ہرا سکی لیکن ٹورنامنٹ کے ''بیک اینڈ'' پر کپتان مصباح الحق کی چالیں کامیاب ہونے لگیں۔ قصور سے تعلق رکھنے والے عمران خالد یونائیٹد کے باولنگ اٹیک میں ڈارک ہارس یا چھپے رستم ثابت ہوئے ہیں جبکہ محمد سمیع کی رفتار اور عرفان کے باونس نے مصباح کی ابتدائی پریشانیوں کو ختم کر دیا۔

Pakistan Super League
ورکنگ ڈے پر ہونیوالے فائنل کے تمام پچیس ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیںتصویر: DW/T. Saeed

یونائیٹڈ کے آندرے رسل، وہاب ریاض کے بعد ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ تیرہ وکٹیں لے چکے ہیں اور انکا کہنا ہے کہ وہ اب بیٹنگ میں بھی اپنا لوہا منوانا چاہتے ہیں۔ اس ٹیم کی بیٹنگ کا دارومدار شرجیل، سمتھ اور ہیڈن پر مشتمل ٹاپ آرڈر پر ہے لیکن فائنل میں خالد لطیف اور مصباح کو بھی ذمہ داری لینا پڑے گی۔

ٹورنامنٹ میں کامیابی سے سرفراز احمد کے لیے پاکستان کے اگلا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بننے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ بات صرف مصباح اور سرفراز کی کپتانی تک محدود نہیں بلکہ یہ فائنل میچ وسیم اکرم بمقابلہ ویوین چرڈز اور ڈین جونز بمقابلہ معین خان بھی ہوگا، جو دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہیں۔

ورکنگ ڈے پر ہونیوالے فائنل کے تمام پچیس ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے تماشایوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹکٹ کے بغیر دبئی اسپورٹس سٹی نہ آئیں۔

خسارہ نہیں ہوگا

پاکستان سپر لیگ کے ڈائریکٹر سلمان بٹ کے مطابق ٹورنامنٹ پر پی سی بی اور فرنچایز کے مجموعی طور پر بیس ملین ڈالرز اخراجات آئے ہیں۔ دو فرنچائز کو اس سال خسارہ نہیں ہو رہا ہے/ سلمان نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی پی ایس ایل کی غیر معمولی پزیرائی کی وجہ سے پہلے سال نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔