چیمپئنز لیگ: اے سی میلان اور بینفیکا کوارٹر فائنل میں
7 مارچ 2012میلان نے برطانوی کلب آرسنل کو جبکہ بینفیکا کی ٹیم نے روسی کلب زینیت پیٹرز برگ کو منگل کے روز کھیلے گئے میچوں میں شکست دی۔ پری کوارٹر فائنل کے یہ دونوں ہی میچ انتہائی سنسنی خیز رہے۔ آرسنل کی ٹیم پہلے تین گول کر کے پہلے لیگ کا اسکور چار چار سے برابر کرنے کے بالکل قریب آ گئی تھی۔ اطالوی کلب میلان نے میچ کے دونوں لیگز کے مجموعی گولوں کی بنیاد پر چار تین سے جیت حاصل کی۔
دوسری جانب پرتگال کے کلب بینفیکا کی ٹیم نے منگل کو کھیلے گئے میچ میں دو گول کیے۔ اس طرح اس نے روسی کلب پیٹرزبرگ کے ہاتھوں پہلے لیگ میں شکست کے نقصان کو پورا کرتے ہوئے مجموعی طور پر پری کوارٹر فائنل مقابلہ دو کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔
آرسنل پہلے لیگ میں میلان سے چار گول سے ہارنے کے بعد انتہائی مشکل صورت حال سے دو چار تھی۔ دوسرے لیگ میں میچ جیتنا یا برابر کرنا انتہائی مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم دوسرے لیگ میں تین گول کر کے اس نے میلان کو پریشان کر دیا اور ایک موقع پر محسوس ہونے لگا کے یہ میچ میلان کے ہاتھ سے نکل بھی سکتا ہے۔
آج، بدھ کے روز چیمپئنز لیگ میں مزید میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں ایک جرمنی کے کلب بائر لیورکوزن اور ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لیورکوزن کی ٹیم پہلا لیگ میچ تین ایک سے ہار چکی ہے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف بلوچ