چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ کی حیران کن جیت
18 اپریل 2012جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن نے ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں حیران کن شکست سے دوچار کر دیا۔ بائرن اور ریئل میڈرڈ کے درمیان یہ میچ جرمن شہر میونخ کے وسیع فٹ بال ایرینا میں کھیلا گیا۔ میچ کے آخری منٹ میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی ماریو گومیز نے گول کر کے ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہونے والے میچ کو نتیجہ کن بنا دیا۔
چیمپئنز لیگ میں منگل کی شام ہزاروں شائقین کے سامنے ماریو گومیز نے لیگ کے رواں سیزن کے میچوں میں اپنا بارہواں گول کیا۔ اس طرح اب اسی سیمی فائنل میچ کے دوسرے مرحلے کا میچ میڈرڈ میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ اگلی منگل کو اسپین میں ہو گا۔ اس میچ میں برابری کی صورت میں بھی بائرن میونخ فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ ہسپانوی کلب کو یہ میچ یقینی طور پر بڑے فرق سے جیتنا ہو گا۔ کم از کم جیت کا مارجن ایک کے مقابلے میں تین گول کا ہونا ضروری ہے۔ فتح کے لیے دونوں مرحلوں کے مجموعی گولوں کے فرق کی بنیاد پر فیصلہ کیا جاتا ہے۔
چیمپئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افتتاحی گول جرمن کلب کے فرانسیسی نژاد کھلاڑی فرانک ریبیری (Franck Ribery) نے سترہویں منٹ میں کیا۔ اس ایک گول کی برتری کو ریئل میڈرڈ کے جرمن نژاد کھلاڑی میسوت اؤزل (Mesut Oezil) نے ترپن ویں منٹ میں برابر کر دیا۔ میچ آخری منٹ تک برابر رہا اور اس وقت فلپ لہم نے ریئل میڈرڈ کے کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے ماریو گومیز کو ایک پاس دیا اور گومیز نے آتی گیند پر اپنی دائیں ٹانگ پوری قوت سے چلائی اور بال برق رفتاری کے ساتھ گول پوسٹ میں پہنچ گئی۔ رواں سیزن میں ہسپانوی کلب کی یہ پہلی شکست ہے۔
یہ دلچسپ امر ہے کہ بائرن میونخ نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں ریئل میڈرڈ کے خلاف سن 1976 سے کوئی میچ نہیں ہارا۔ اب تک کھیلے گئے دس میچوں میں سے نو میں کامیابی جرمن کلب کے حصے میں آئی اور باقی ایک میچ برابری پر ختم ہوا۔ اگر بائرن میونخ سیمی فائنل میچ کا دوسرا مرحلہ بھی جیت جاتی ہے تو وہ چیمپئنز لیگ کی پہلی ٹیم ہو گی جو فائنل اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گی۔ اب تک بائرن چار مرتبہ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی جیت چکی ہے۔
چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں کا دوسرا مرحلہ چوبیس اور پچیس تاریخ کو مکمل ہو گا۔ لیگ کا دوسرا سیمی فائنل میچ برطانوی فٹ بال کلب چیلسی اور دفاعی چیمپئن ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا کے درمیان آج بدھ کے روز ہے۔ چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ انیس مئی کو میونخ میں شیڈیول کیا گیا ہے۔
ah/hk (AP, AFP)