چیمپئنز لیگ: ڈراز کا اعلان
31 اگست 2012چیمپئنز لیگ کے رواں سیزن کے ڈراز کے لیے خصوصی تقریب جمعرات کے روز مناکو میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں سترہ مختلف ملکوں کی ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں کے علاوہ فٹ بال کلبوں کے کوچ، مینیجر اور کھلاڑی موجود تھے۔گروپ لیول کے میچ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ہوں گے یعنی ہر ٹیم ایک دوسرے سے کھیلے گی۔ آٹھ گروپوں کی ونر اور رنر اپ ٹیم پری کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔ اس گروپ میں شریک سولہ ٹیموں کے ڈراز پھر سے ترتیب دیے جائیں گے اور ناک آؤٹ اسٹیج کا پہلا مرحلہ بارہ فروری سے شروع ہو گا۔ ناک آؤٹ مرحلے پر ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو مرتبہ کھیلتی ہے یعنی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ہوم گراؤنڈ میں کھیلتی ہیں۔
یورپ کے مختلف ملکوں کی بتیس بہترین فٹ بال کلبوں کو چیمپئنز لیگ کے آٹھ گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں چار چار ٹیمیں رکھی گئی ہیں۔ جرمن کلب شالکے کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ گروپ ڈی میں ہے۔ چیمپئنز لیگ کی دفاعی ٹیم چیلسی کو گروپ ای ملا ہے۔ جرمنی کے مشہور فٹ بال کلب بائرن میونخ کو گروپ ایف میں شامل کیا گیا ہے۔ بائرن میونخ گزشتہ برس کی رنر اپ ٹیم ہے۔ پنالٹی ککس پر چیلسی کی ٹیم جرمن کلب کو ہرانے میں کامیاب ہوئی تھی۔
دفاعی چیمپئن چیلسی کا پہلا اور لیگ کا افتتاحی میچ مشہور اطالوی کلب ژُووینٹُوس (Juventus) کے خلاف شیڈیول ہے اور یہ میچ اسٹیم فورڈ برج (Stamford Bridge) میں کھیلا جائے گا۔ اسٹیم فورڈ برج اسٹیڈیم انگلینڈ میں بین الاقوامی میچوں کا بھی ایک مقام ہے۔ اس اسٹیڈیم میں چالیس ہزار سے زائد شائقین بیٹھ سکتے ہیں۔ چیمپئنز لیگ میں انگلینڈ کے تین اور کلب بھی شریک ہیں اور وہ ہیں مانچیسٹر سٹی، مانچیسٹر یونائٹڈ اور آرسنل۔
جرمن کلب بائرن میونخ کو گروپ ایف میں بائرن میونخ کو ہسپانوی کلب ویلینسیا، فرانسیسی کلب لیل اور بیلا روس کے کلب بیٹ بوری سوف (BATE Borisov) کا سامنا ہو گا۔ جرمن کلب کے فٹ بالر تھوماس موئلر کا کہنا ہے کہ ان کا کلب اس گروپ میں لیڈر بننے کا فیورٹ ہے۔ موئلر کے مطابق ویلینسیا کے ساتھ میچ مشکل ہو گا۔ شالکے کلب گروپ بی میں ہے اور اس میں دوسری ٹیمیں انگلش کلب آرسنل، یونانی کلب اولمپیاکوس (Olympiacos) اور فرنچ فٹ بال کلب موں پلییے (Montpellier) ہے۔
بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ کو گروپ ڈی میں ریال میڈرڈ کے علاوہ ہالینڈ کی قومی لیگ کی چیمپئن کلب اژاکس ایمسٹر ڈیم اور انگلش لیگ کی چیمپئن مانچیسٹر سٹی کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ بظاہر یہ گروپ بقیہ تمام گروپوں سے زیادہ سخت ہے۔ ہسپانوی فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کی ٹیم نو مرتبہ چیمپئنز لیگ کو جیتنے کا اعزاز رکھتی ہے۔ ریال میڈرڈ کلب کے مینیجر ایمیلیو بتراگینو (Emilio Butragueno) کا کہنا ہے کہ ڈراز میں ان کی ٹیم کے ساتھ قسمت نے یاوری نہیں کی ہے اور گروپ انتہائی سخت ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اس گروپ کا ہر میچ بلاشبہ کانٹے دار ہو گا۔
(ah/at (Reuters,AFP