1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: گارڈیولا پر امید ہیں

24 اپریل 2012

چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں ایک صفر سے شکست کے بعد آج بارسلونا کیمپ نو میں ایک مرتبہ پھر برطانوی کلب چیلسی کے مد مقابل ہوگی۔

https://p.dw.com/p/14jtD
تصویر: picture-alliance/dpa

ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے کوچ پیپ گارڈیولا گزشتہ ہفتے چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں چیلسی سے ہارنے اور پھر لا لیگا میں ریئل میڈرڈ سے دو ایک سے شکست کھانے کے بعد بھی پر امید ہیں کہ ان کی ٹیم آج منگل کے روز چیلسی کو شکست دے کر چیمپئنز لیگ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

یورپی کلب ٹیموں کے مؤقر ترین چیمپئنز لیگ ٹورنامنٹ کی دفائی چیمپئن بارسلونا کو پے در پے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم ان کے کوچ پر امید ہیں کہ بارسلونا فتوحات کا سلسلہ دوبارہ شروع کر سکتی ہے۔ ہسپانوی لیگ کے بارے میں گارڈیولا کہہ چکے ہیں کہ اس میں بارسلونا کی فتح کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں۔ ہفتے کے روز میڈرڈ سے شکست کے بعد گزشتہ برس لا لیگا کی فاتح بارسلونا میڈرڈ سے سات پوائنٹس پیچھے چلی گئی ہے اور اب لیگ میں محض چار میچ ہی باقی ہیں۔ بارسلونا کے کوچ کے مطابق اب ان کی ٹیم کی تمام تر توجہ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل پر ہی مرکوز ہے۔

Spanien Fußball Lionel Messi FC Barcelona
میسی پیر کے روز ہونے والی ٹریننگ میں پیٹ کی خرابی کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکےتصویر: dapd

گزشتہ بدھ کو لندن میں کھیلے گئے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں چیلسی صفر کے مقابلے میں ایک گول سے فاتح رہی تھی تاہم اب اس کا مقابلہ بارسلونا کے ہوم گراؤنڈ پر ہے۔ چیلسی کے کوچ کا کہنا ہے کہ وہ منگل کے میچ میں صرف گزشتہ مرحلے کی فتح پر ہی انحصار نہیں کریں گے بلکہ ان کی کوشش ہو گی کہ ان کی ٹیم مزید گول کرے۔

پیپ گارڈیولا کا کہنا تھا، ’’مجھے اس طرح کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور میں اسے مایوسی کے ساتھ بھی جھیل سکتا ہوں یا پھر میں رجائیت کے ساتھ اس صورت حال کا مقابلہ کر سکتا ہوں۔ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر اعتماد ہے۔ یہ اعتماد اچھے وقتوں میں بھی ہے اور برے وقتوں میں بھی۔‘‘

گارڈیولا کا کہنا تھا کہ ان کے کھلاڑی اس طرح کی صورت حال سے پہلے بھی نبرد آزما ہو چکے ہیں۔

چیلسی کے خلاف میچ سے قبل بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیونیل میسی کی فٹنس کے بارے میں قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے گارڈیولا نے کہا کہ میسی پیر کے روز ہونے والی ٹریننگ میں پیٹ کی خرابی کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکے تاہم وہ منگل کو چیلسی کے خلاف ضرور کھیلیں گے۔

(ss/at (Reuters, AFP

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید