1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ میں آرسنل کی فتح

17 فروری 2011

فٹ بال چیمپیئنز لیگ میں پری کوارٹر راؤنڈ کے ایک میچ میں آرسنل کلب نے بارسلونا کو ہرا دیا ہے، جس نے کھیل کا اچھا آغاز کیا لیکن اختتام پر اسے دو ایک سے شکست کا سامنا رہا۔

https://p.dw.com/p/10IDX
بارسلونا کے ڈاوڈ ویا نے پہلے ہاف میں اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھیتصویر: AP

لندن میں کھیلے گئے اس میچ میں آرسنل کی جانب سے دونوں گول قدرے دیر سے کیے گئے۔ بارسلونا کے ڈاوڈ ویا نے پہلے ہاف کے درمیان میں ایک گول کر دیا تھا، جس کے جواب میں آرسنل کے کھلاڑیوں کو کافی تگ و دو کرنا پڑی اور وہ میچ کے تقریباﹰ آخری لمحات میں گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔

چیمپیئز لیگ کےگزشتہ سیزن کے پری کوارٹر فائنل میں بارسلونا نے آرسنل کو تین کے مقابلے میں چھ گول سے پچھاڑا تھا اور بدھ کے میچ سے ایسا لگا، جیسے آرسنل کے کھلاڑی اس پرانی ہار کا بدلہ چکانا چاہتے ہوں۔ لیکن اس مرتبہ بھی ان کی ہار ہی یقینی دکھائی دے رہی تھی، تاہم بعدازاں صورت حال بدلی اور وہ جیت ہی گئے۔

آرسنل کے کوچ آرسنے وینگر نے میچ کے بعد کہا، ’آج کی رات بہت ہی خاص ہے۔ کھیل بہت اعلیٰ تھا اور ہم مایوس نہیں ہوئے۔‘

Großbritannien Fall Alexander Litwinenko Arsenal Stadion in London
بارسلونا اور آرسنل کے مابین میچ لندن میں کھیلا گیاتصویر: AP

دوسری جانب آرسنل ٹیم کے کپتان Cesc Fabregas نے کہا کہ ان کے کھلاڑیوں کو ابھی اور بھی محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا، ’میری نظر میں فٹ بال کی تاریخ کی یہ بہترین ٹیم ہے۔ یہ صرف ایک میچ تھا اور فتح بہت اچھی ہے، لیکن کھیل یہیں ختم نہیں ہو جاتا۔ ہم نے ایسے ہی کھیل کا مظاہرہ اگلے میچ میں نہ کیا تو یہ جیت کوئی معنی نہیں رکھے گی۔‘

بدھ کو ہوئے ایک دوسرے میچ میں Shakhtar Donetsk نے اے ایس روما کو دو کے مقابلے میں تین گول سے مات دی۔ روم میں کھیلے گئے اس میچ کا پہلا گول بھی ہارنے والی ٹیم کی جانب سے کیا گیا۔ تاہم مہمان ٹیم نے اپنے تین گول تیرہ منٹ کے وقفے سے کر کے کھیل کا رُخ بدل ڈالا۔ ان کے کوچ Mircea Lucescu نے بعدازاں کہا کہ ان کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا، ’میں سمجھتا ہوں کہ ہم نے اچھا کھیل پیش کیا۔ وہ جانتے تھے کہ ہم ایک اچھی ٹیم ہیں۔‘

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق