1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل کا ردعمل ناقابل فہم ہے، روس

31 اکتوبر 2010

ماسکو حکومت نے افغانستان میں انسداد منشیات سے متعلق روس اور امریکہ کے مشترکہ فوجی آپریشن کے خلاف کابل حکومت کے تند و تیز ردعمل کو ناقابل فہم قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Pusl
تصویر: AP

روس میں انسدادِ منشیات کی وفاقی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق افغان حکام کو اس آپریشن سے قبل اعتماد میں لیا گیا تھا اور ان کے دستے بھی کارروائی میں ساتھ تھے۔ مشرقی صوبے ننگر ہار کے شنواری علاقے میں یہ فوجی کارروائی ہفتے کو کی گئی تھی۔ روسی حکام نے اس کارروائی میں ہیروئن تیار کرنے والی چار لیبارٹریز اور لگ بھگ 250 ملین ڈالر مالیت کی منشیات تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ افغان صدر حامد کرزئی نے روس اور امریکہ کی اس کارروائی کو قومی خودمختاری کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔ افغانستان میں موجود روسی حکام کا بھی اصرار ہے کہ کابل حکومت کو اعتماد میں لیا گیا تھا اور روسی حکام نے محض مشاورتی کردار نبھایا تھا۔

دنیا بھر میں منشیات کی پیداوار کے حوالے سے بدنامی کے سبب اب افغان سول سوسائٹی اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے زیادہ سرگرم دکھائی دے رہی ہے۔ ایران کی سرحد سے متصل افغان صوبے ہرات میں ایک امدادی گروپ ’ثنائی‘ کے تحت کسانوں کو زعفران کی کاشت کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ ثنائی کے روح رواں عبدالخالق ستانکزئی کا کہنا ہے کہ زعفران افیون کی کاشت کا بہترین نعم البدل ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے، ’زعفران کی کاشت کے لئے اعتماد اور صبر کی ضرورت ہوتی ہے، اس کی پیداوار سال بہ سال بڑھتی ہے اور بالآخر چوتھے سال کسان کو فائدہ ملنا شروع ہوتا ہے۔’

Safrananbau und Prozess in Herat, Afghanistans Provinz
ہرات میں زعفران کے ایک کھیت کا منظرتصویر: DW

مغربی ہرات میں افیون کے بہت سے کھیتوں کی جگہ اب زعفران کی کاشت شروع ہوچکی ہے۔ کھانوں میں رنگ و ذائقہ لانے کے ساتھ ساتھ زعفران کا استعمال دیسی ادویات، رنگ سازی اور خوشبوؤں کی صنعت میں بھی ہوتا ہے۔ نصف کلوگرام خشک زعفران کے لئے لگ بھگ 75 ہزار پھول درکار ہوتے ہیں۔ اتنی مقدار میں زعفران کی مالیت 5 ہزار ڈالر کے قریب ہے۔

افغانستان میں پیدا ہونے والی منشیات کی مالیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم UNODC کے اعداد و شمار کے مطابق اس جنگ زدہ ملک میں سالانہ لگ بھگ تین ارب ڈالر کی افیون پیدا ہوتی ہے۔ اس کی بڑی مقدار یورپ سمگل کی جاتی ہے جبکہ طالبان شدت پسند بھی منشیات کی نقل و حرکت سے جبری محصول وصول کرتے ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں